آئی ایم ایف کے ملازم پاکستان کی معیشت چلا رہے ہیں،مولانا فضل الرحمن

288

اسلام آباد:جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کا کہنا ہے کہ پاکستان کو آئی ایم ایف،ایشیائی بینک کا غلام بنا دیا گیا ،آئی ایم ایف کے ملازم پاکستان کی معیشت چلا رہے ہیں۔

مولانا فضل الرحمن نے آزادی مارچ کے دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں امریکہ کی غلامی قبول نہیں،پاکستان کی معیشت کو ہمیشہ قرضوں پر چلایاگیا ۔ آج ہمارابجٹ آئی ایم ایف تیارکرتاہے، بیرونی سرمایہ کاری ختم ہوچکی کوئی یہاں پیسا لگانے کو تیار نہیں ،قوم ایک پیج پر ہے پاکستان پر جبر کی حاکمیت تسلیم نہیں کریں گے۔

جے یو آئی کے سربراہ کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں آئین ،قانون ،جمہوریت اوراصولوں کی جنگ لڑنی ہے ،ناجائز حکمرانوں سے نجات تک جنگ جاری رہے گی ، اربوں روپے فنڈزکاحساب الیکشن کمیشن کونہیں دیاگیا،ملک افراتفری کاشکارہے،مہنگائی سے ہرطبقہ پریشان ہے۔

مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ گندم کی پیداوار میں تیس فیصد ،چاول میں 40فیصد کمی ہوئی، پاکستان کو ایک اور مستحکم رکھنا ہے تو ہمیںاپنے وسائل پر اعتماد کرنا ہوگا،آئین سے دور جائیں گے تو تصادم ہوگا ،پورا ملک جمود کا شکار ہے ہر ایک ہڑتال پر ہے ،جابر اور ناجائز حکومت کے خاتمے کیلئے استقامت کے ساتھ سفر جاری رہےگا،اس ناجائزاوربدبودار حکومت کا خاتمہ ایمان کا تقاضہ ہے ۔