آسٹریلوی جنگلات میں لگی آگ بےقابو،9 لاکھ 70 ہزار ایکڑ رقبہ تباہ

295

سڈتی: آسٹریلیا کی ریاستوں نیو ساؤتھ ویلز اور کوئنز لینڈ کے جنگلات میں لگی آگ بے قابو ہو گئی۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق آسٹریلیا کے جنگلات میں لگنے والی خوفناک آگ پر تاحال قابو نہیں پایا جا سکا ہے، فائر بریگیڈ کا عملہ آگ کو بڑھنے سے روکنے میں بھی ناکام رہا ہے جس کے بعد دونوں ریاستوں نیو ساؤتھ ویلز اور کوئنز لینڈ میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔

آسٹریلوی حکومت کی جانب سے علاقے میں ہنگامی صورتحال کا اعلان کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ حالات پر قابو پانے کے لیے فوج کو بھی طلب کیا جاسکتا ہے۔

جنگلات میں 120 سے زائد مقامات پر لگی آگ نے 9 لاکھ 70 ہزار ایکڑ رقبہ تباہ کردیا ہے اور 150 سے زائد گھر بھی جل کر خاکستر ہوگئے ہیں، ہفتے کے روز 3 افراد آگ میں جھلس کر ہلاک ہوگئے تھے،جس کے بعد ہزاروں شہریوں کو متاثرہ علاقے سے نکال کر محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔

دوسری جانب آسٹریلوی وزیراعظم اسکاٹ مورسن نے آگ میں جھلس کر ہلاک ہونے والے افراد کے اہل خانہ سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان تمام افراد کے ساتھ ہیں جنہوں نے اپنے پیاروں کو کھودیا ہے۔

واضح رہے کہ آسٹریلوی حکام کا کہنا ہے کہ سخت موسم ہونے کے باعث سڈنی سمیت دوسرے کئی شہروں میں بھی آگ بھڑک سکتی ہے، انتظامیہ ہیلی کاپٹر اور فائر ورکرز کے زریعے آگ بجھانے کی کوشش کررہی ہے تاہم خراب موسم کے باعث آگ بجھانے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔