حکومت کو نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکال دینا چاہیئے،چوہدری شجاعت

522

مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین کا کہنا ہے کہ حکومت کو نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکال دینا چاہیئے۔

چوہدری شجاعت حسین نےنوازشریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے معاملے پرگفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کسی کی بیماری پر سیاست نہیں کرنی چاہئے، وزیراعظم عمران خان اور وفاقی کابینہ کو چاہئے کہ نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے لئے بڑے دل کا مظاہرہ کریں، خدانخواستہ اگر نوازشریف کو کْچھ ہوگیا تو ملکی سیاست مزید تلخ ہوجائے گی۔

چوہدری شجاعت نے کہا کہ نوازشریف کے علاج کی خاطر باہر جانے کے معاملے کو سرکاری گورکھ دھندے میں نہ الجھایا جائے بلکہ نواز شریف کی درخواست پر انسانی ہمدردی کی بنیاد پر فیصلہ کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ سرکاری گورکھ دھندے میں الجھا گیا تو ملک میں افرا تفری ہوگی، ملکی معیشت کو بھی نقصان پہنچے گا جس سے عوام کے لئے بھی مشکلات میں اضافہ ہوگا، اس لئے ایسا کوئی اقدام نہ کیا جائے جس کا بعد میں ازالہ نہ ہوسکے۔