نبی کریمﷺ کی آمد سے جہالت اور گمراہی کا خاتمہ ہوا، غیاث الدین

188

سکھر (نمائندہ جسارت) میلاد مصطفیٰﷺ کمیٹی سکھر کے زیر اہتمام جمعہ کو جشن میلاد النبیﷺ کے سلسلے میں پرچم کشائی کی 2تقریبات منعقد کی گئیں، علاقہ درود وسلام کی صدائوں سے گونج اٹھا، درزی محلہ نیوپنڈ میں علامہ قاری مفتی ساجد رفیق قادری، خالد بھٹی، احمد رضا شیخ، دانش علی، راشد پٹھان، محمد یاسر، محمد اقبال اور سعید سمیت غلامان مصطفیٰ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ بعد ازاں نیوپنڈ میں پرچم کشائی کے بانی غلام حسین شیخ کی دوسری برسی بھی منائی اور محفل نعت منعقد کی گئی۔ معروف خطیب اور نعت خواں علامہ رضوان خان قادری اور دیگر ثنا خوانوں نے گلہائے عقیدت پیش کیے۔ دوسری جانب پاک کالونی میں صاحبزادہ سید حامد محمود فیضی یونین کمیٹی 11کے چیئرمین مختار احمد کھوکھر، جاوید کونسلر، مولانا قاری رمضان سعیدی، حاجی یونس، صدیق قریشی، محمد رفیق، صابر شیخ، وسیم باری، محمد علی شیخ، طارق شیخ، محمد وکیل، محمد عادل، محمد شال، فہد آرائیں، محمد عاشق قریشی اور دیگر نے شرکت کی۔ علمائے کرام اور میلاد مصطفیٰﷺ کمیٹی کے چیئرمین غیاث الدین، صدر حاجی یاسین سعیدی، جنرل سیکرٹری شکیل احمد صدیقی اور دیگر نے تقریبات پرچم کشائی اور غلام حسین شیخ کی برسی کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضور نبی کریمﷺ کی آمد سے جہالت اور گمراہی کا خاتمہ ہوا۔ انہوں نے کہا کہ غلامان مصطفیٰﷺ کی عقیدت ومحبت اپنے آقاﷺ سے کبھی کم نہیں ہوسکتی۔ جشن میلاد النبیﷺ منانا مسلمانوں کے ایمان وعقیدے کا تقاضا ہے۔ سرکار دو عالمﷺ کی ذات اقدس نعمت عظمیٰ ہے اور نعمتوں کے عطا ہونے پر اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں شکر ادا کرنا اور خوشیوں کا اظہار کرنا اہل ایمان کا طریقہ ہے۔