حکومت اپوزیشن کے ہاتھ پاؤں باندھے بغیر اقتدار نہیں چلاسکتی، نفیسہ شاہ

97

سکھر (نمائندہ جسارت) پاکستان پیپلز پارٹی کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات سیدہ نفیسہ شاہ نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت اپوزیشن کے ہاتھ پاؤں باندھے بغیر اقتدار نہیں چلاسکتی، اس نے نیب کو بھی مقبوضہ وادی اور صدارتی محل کو آرڈیننس فیکٹری بنا دیا ہے، سکھر میں خورشید شاہ کی احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت کو قانون کا کوئی پتہ نہیں ہے، اس لیے اس حکومت سے کوئی نئی قانون سازی نہیں ہوپارہی ہے، حکومت نے صدارتی محل کو آرڈیننس فیکٹری بنا دیا ہے، جہاں سے ایک ایک دن میں 9، 9 آرڈیننس پاس کیے جاتے ہیں لیکن 345 ارکان پارلیمنٹ میں سے کسی کو پتہ نہیں ہے کہ وہ آرڈیننس کس چیز کے ہیں۔ نیب کو ہتھکنڈے کے طور پر استعمال کیا جارہا ہے اور اسے مقبوضہ نیب بنا دیا گیا ہے، تاہم نیب آج تک کسی کیس میں ثبوت پیش نہیں کرسکی ہے، جس کی وجہ سے اس کے تیار کردہ تمام کیسز ڈھیر ہوجائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ خورشید شاہ کے کیس میں بھی نیب کے پاس الزامات کی ایک لمبی چوڑی فہرست ہے لیکن ثبوت ایک بھی نہیں ہے۔ ثبوت نہ ہونے کی بنا پر ہی عدالت نے ان کے ریمانڈ کی درخواست مسترد کرتے ہوئے خورشید شاہ کا جوڈیشل ریمانڈ دے دیا ہے۔