حکومت پنجاب کا افسران سے سرکاری گاڑیاں واپس لینے پر غور

238

لاہور (آئی این پی) حکومت پنجاب نے افسران سے تمام سرکاری گاڑیاں واپس لینے پر غور شروع کردیا۔ ذرائع کے مطابق حکومت پنجاب نے یہ غور شروع کیا ہے کہ تمام سرکاری افسران سے تمام سرکاری گاڑیاں واپس لے لی جائیں اور افسران کو نئی لیز پر گاڑیاں لے کر دی جائیں جن کی اقساط یہ افسران از خود ادا کریں اور بعد میں یہ گاڑی اس افسر کی ملکیت بن جائے گی اور حکومت کا اس گاڑی سے کوئی لینا دینا نہیں ہوگا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس عمل سے حکومت کے گاڑیوں کی مرمتی کے اخراجات نہیں ہوسکیں گے اور حکومت کے اخراجات میں کمی ہوسکے گی۔ وفاقی حکومت پہلے ہی اس پالیسی پر عمل کررہی ہے۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری کیپٹن (ر) اعجاز احمد جعفر کا کہنا ہے کہ حکومت پنجاب کا اس پالیسی پر غور فکر جاری ہے لیکن ابھی کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوا ہے۔