پنجاب حکومت کا مہنگائی پر قابو پانے کے لیے ہوم ڈلیوری کا فیصلہ

30

لاہور (آئی این پی) پنجاب حکومت نے مصنوئی مہنگائی پر قابو پانے کے لیے فارمر مارکیٹس کے قیام اور بڑے شہروں میں ہوم ڈلیوری سسٹم شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ چیف سیکرٹری پنجاب یوسف نسیم کھوکھر نے قیمتوں پر قابو پانے کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ قیمت ایپ کے ذریعے اب اشیا خورونوش کی سرکاری نرخوں پرآن لائن خریداری ممکن ہوسکے گی۔ انہوں نے کہا کہ لاہور، راولپنڈی، فیصل آباد، گوجرانوالہ اور ملتان میں ہوم ڈلیوری سسٹم بطور پائلٹ پراجیکٹ شروع کیا جائے گا جب کہ آئندہ ہفتے سے مختلف اضلاع کی 30 منڈیوں میں فارمر مارکیٹس کا آغاز کردیا جائے گا۔ چیف سیکرٹری پنجاب کا کہنا تھا کہ ان مارکیٹس میں کسان براہ راست سستی سبزیاں، پھل اور دیگر غذائی اجناس فروخت کرسکیں گے۔ بعد ازاں ہر ضلع میں تحصیل کی سطح پر دو فارمر مارکیٹیں قائم کی جائیں گی۔ چیف سیکرٹری نے افسران کو عام دکانداروں کے بجائے ہول سیلرز پر زیادہ کڑی نظر رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ انتظامی افسران منڈیوں میں نیلامی کی خود نگرانی کریں۔