ہنگورجہ،و ٹائون کمیٹی کے چیئرمین، وائس چیئرمین اور کونسلروں کے درمیان اختلافا

103

 

ہنگورجہ (نمائندہ جسارت) سوبھو ڈیرو ٹائون کمیٹی کے چیئرمین، وائس چیئرمین اور کونسلروں کے درمیان اختلافات بڑھ گئے، وائس چیئرمین اور کونسلروں نے کمشنر سکھر کے سامنے چیئرمین کیخلاف سخت احتجاج کیا اور چیئرمین کو ہٹانے کے لیے ٹائون افسر کے پاس عدم اعتماد کی درخواست پیش کردی، چیئرمین نے شہر میں ترقیاتی کاموں کے لیے آنے والے فنڈز خورد برد کرلیے ہیں، تحقیقات کرائی جائے اور چیئرمین کو فوری طور پر ہٹایا جائے، وائس چیئرمین اور کونسلروں کی پریس کانفرنس۔ سوبھو ڈیرو ٹائون کمیٹی کے چیئرمین رسول بخش سہتو اور وائس چیئرمین محمد بچل سامٹیو کے درمیان اختلافات شدت اختیار کرگئے ہیں۔ وائس چیئرمین محمد بچل سامٹیو اور کونسلروں ذوالفقار ملاح، حبیب اللہ سہتو، شہزادو لاشاری، نسیم سولنگی سمیت دیگران نے کمشنر سکھر شفیق مہیسر کی کھلی کچہری میں چیئرمین کیخلاف شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ ٹائون چیئرمین نے کروڑوں روپے خورد برد کیے ہیں، شہر میں کوئی بھی ترقیاتی کام نہیں کرایا، ان کو فوری طور پر ہٹایا جائے۔ چیئرمین کو ہٹانے کے لیے وائس چیئرمین اور کونسلروں نے ٹائون افسر کو عدم اعتماد کی درخواست بھیج دی ہے۔ وائس چیئرمین اور کونسلروں نے ہنگورجہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ سوبھو ڈیرو ٹائون کمیٹی میں ماہوار آنے والی ایک کروڑ سے زائد کی رقم چیئرمین خورد برد کررہا ہے۔ شہر کھنڈر بن چکا ہے لیکن ایک روپے کا ترقیاتی کام نہیں کرایا گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹائون کے 9 کونسلروں نے چیئرمین کیخلاف عدم اعتماد کی درخواست پیش کردی ہے۔ ہماری جدوجہد ٹائون چیئرمین کو ہٹانے تک جاری رہے گی۔ انہوں نے صوبائی وزیر بلدیات سے مطالبہ کیا ہے کہ چیئرمین کو فوری طور پر ہٹایا جائے۔