بلدیہ اعلیٰ حیدر آباد کے زیر اہتمام عظیم الشان محفل ذکر مصطفیﷺ

139

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) بلدیہ اعلیٰ حیدر آباد کے زیر اہتمام جشن میلاد النبیﷺ کے سلسلے میں بلدیہ جناح ہال میں عظیم الشان محفل ذکر مصطفیﷺ منعقد کی گئی۔ اس موقع پر بلدیہ اعلیٰ جناح ہال رنگ برنگی روشنیوں اور برقی قمقموں سے بقائے نور بنا ہوا تھا، خوبصورت پھولوں سے آراستہ اسیٹج پر بڑی اسکرین پر وقفہ وقفہ سے اللہ تبارک تعالیٰ کے نام مبارک، آیات کریمہ اور محفل کو براہ راست دیکھ کر روح پرور سماں پیدا کررہی تھی اور جناح ہال سرکار دو عالم نور مجسمﷺ کی تعریف و توصیف سے گونج رہا تھا، محفل کا باقاعدہ آغاز قاری محمد یاسر جمال نقشبندی کی تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ فرحان علی شاہ نے حمد باری تعالیٰ اور معروف نعت خوانوں نے حضور پرنور حضرت محمد مصطفیﷺ کے حضور عقیدت و محبت کے پھول نچھاور کیے۔ ممتاز عالم دین علامہ حفظہ اللہ مصطفائی نے عظمت مصطفی بیان کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالٰی نے نبی آخر الزماں آقائے دو جہاں حضور اکرمﷺ کی ذات مبارکہ میں تمام کمالات جمع کر کے انسانیت کو معراج بخشی جو رہتی انسانیت کے لیے کردار کی تعمیر اور ہدایت کا ذریعہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ دامن مصطفیﷺ وابستگی ہی پریشانی سے نجات کا ذریعہ ہے۔ مصطفی کریمﷺ مسلمانان عالم کے لیے سر چشمہ ہدایت اور باعث نجات ہے اور جشن میلاد النبیﷺ منانا عبادت ہے۔ محفل میں میئر حیدرآباد سید طیب حسین، ڈپٹی میئر سید سہیل مشہدی، اسسٹنٹ کمشنر لطیف آباد فراز احمد صدیقی، زونل انچارج ظفر صدیقی، واراکین زونل کمیٹی اراکین سندھ اسمبلی راشد خلجی، ناصر حسین قریشی، یوسی چیئرمیز، وائس چیئرمینز اور مختلف انجمن تاجران اور بلدیہ ملازمین عمائدین شہر نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ میئر حیدر آباد سید طیب حسین، ڈپٹی میئر سید سہیل مشہدی نے مہمانوں کا پر تپاک استقبال کرتے ہوئے انہیں پھولوں کے ہار اور سندھ کا روایتی تحفہ اجرک پیش کی۔ الحاج گلشن الٰہی نے خصوصی دعا کی۔