فیصل آباد ،شقی القلب شوہر کے ہاتھوں بیوی قتل، بیٹیاں شدیدزخمی

34

فیصل آباد، سرگودھا، ہری پور (آئی این پی، اے پی پی) فیصل آباد میں شقی القلب شوہر نے نہ صرف بیوی بلکہ اپنی دو معصوم بچیوں پر بھی ہتھوڑے سے حملہ کردیا، جس میں بیوی جاں بحق ہوگئی۔ فیصل آباد کے علاقے رسول پورہ میں شوہر نے ہتھوڑے سے حملہ کر کے بیوی کو جان سے مار دیا، جبکہ 2 معصوم بیٹیاں زخمی ہوگئیں۔ ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ فیصل آباد میں یہ واقعہ گھریلو جھگڑے کے باعث پیش آیا، شوہر ریاض نے جھگڑے کے بعد بیوی اور بیٹیوں پر تشدد کیا اور ہتھوڑے سے حملہ کردیا۔ واقعے کے بعد باپ کے ہاتھوں زخمی بچیوں کو کھرڑیانوالا کے ہیلتھ سینٹر منتقل کردیا گیا۔ سرگودھا میں چوری ڈکیتی کی مختلف وارداتوں میں شہری مال وزر سے محروم ہوگئے۔ پولیس ذرائع کے مطابق 15 لاکھ روپے کے مویشیوں سمیت قیمتی مال وزر سے شہری محروم کردیے گئے۔ ماڑی کے قریب محمد شکیل نامی شخص سے تین نامعلوم مسلح افراد نے گن پوائنٹ پر موٹر سائیکل، نقدی و موبائل چھین کر لے گئے۔ احمد والا کے قریب اشفاق احمد سے ایک لاکھ روپے کیش و قیمتی کیمرہ، بکھر بار کے قریب میڈیکل اسٹور کے باہر اسد عباس سے بھی نقدی و موبائل چھین لیا گیا۔ 91 شمالی سے محمد منظور کی موٹر سائیکل چوری ہوگئی، کوٹ میانہ کے سلمان اقبال کے رقبہ سے نامعلوم چور بھاری مالیت کے 12 درخت کاٹ کر لے گئے اور چویکہ کے رہائشی فخر اقبال کے فارم سے نامعلوم افراد 15 لاکھ روپے مالیت کی 8 بھینسیں اور دو ویہڑیاں کھول کر لے گئے۔ اطلاعات ملنے پر پولیس نے نامعلوم ملزمان کیخلاف مقدمات درج کرلیے ہیں۔ ہری پور تحصیل خان پور کے دور افتادہ یونین کونسل مسلم آباد کے علاقے شاہ قابل گاؤں کے مقام پر مسافروں سے بھری جیپ گہری کھائی میں گرنے کے نتیجے میں خاتون مسافر جاں بحق اور 8 مسافر زخمی ہوگئے۔ تحصیل خانپور کی دورافتادہ یونین کونسل مسلم آباد کے مقام پر جیپ کھائی میں گرنے سے بوکھلا کی رہائشی خاتون موقع پر جاں بحق ہوگئی جبکہ ڈرائیور سمیت آٹھ افراد شدید زخمی ہوگئے جبکہ دو افراد نے جیپ سے چھلانگیں لگا کر اپنی جان بچالی۔ ہری پور ریسکیو 1122 کی ٹیم جائے حادثے پر پہنچ گئی اورجاں بحق خاتون، زخمی ہونے والے افراد کو تحصیل ہیڈ کوارٹر اسپتال خان پور منتقل کیا گیا، زخمیوں میں وحید، محمد رحمن، محمد اشرف اور پانچ خواتین شامل ہیں۔ ہری پور میں عوامی شکایات کے بروقت ازالہ کا عزم لیے ہری پور پولیس کا سود خوروں کیخلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔ متاثرہ شخص کی درخواست پر سود خور کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ تھانہ کوٹ نجیب اللہ پولیس کو اختر نواز ولد بنارس سکنہ دیدن نے تحریری درخواست دی کہ مہتاب عرف تابی نامی شخص سے اس نے 14 لاکھ روپے ادھار رقم لی۔ ملزم مہتاب سکنہ گھیڑیاں مجھ سے 14 لاکھ رقم کے عوض اب تک 24 لاکھ روپے وصول کرچکا ہیں اور مزید سود کی رقم کی مد میں اس کی 32 لاکھ روپے کی گاڑی بھی بطور تاوان رکھ لی ہے۔ مدعی مقدمے کی تحریری درخواست پر ملزم کیخلاف تین امتناع ایکٹ سال 2016ء کے تحت مقدمہ درج کرکے ملزم کو گرفتار کرلیا، ملزم نے دوران تفتیش اپنے جرم کا اقرار کرلیا ہے، جس سے مزید تفتیش جاری ہے۔ ہری پور ماڈل کورٹ نے منشیات کے مقدمے میں ملزم کو عدم ثبوت کی بنا پر بری کردیا۔ ماڈل تھانہ سٹی کے ایس ایچ او صدیق شاہ نے ملزم ملک شہزاد کیخلاف 1350 گرام ہیروئن کا مقدمہ درج کیا۔ عدالت نے ملزم کو جیل بھیجا اور بعدازاں ضمانت پر رہا کردیا۔ ٹرائل بعد ازاں ماڈل کورٹ ہری پور کے جج سجاد احمد کی عدالت میں زیر سماعت رہا۔ مدعی مقدمہ ملزم کیخلاف گواہ بھی پیش کیے تاہم ناکافی ثبوتوں اور ٹھوس گواہ نہ ہونے پر عدالت نے ملزم کو بری کردیا۔ ملزم کی جانب سے ظہیر احمد ایڈووکیٹ، فصیح الرحمن ایڈووکیٹ اور زوہیب احمد ضیا ایڈووکیٹ نے مقدمے کی پیروی کی۔