کوئٹہ ،گیس کی لوڈشیڈنگ اور پریشر میں کمی کیخلاف عوام کا احتجاج

98

کوئٹہ (نمائندہ جسارت) صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کے علاقے سریاب روڈ کے مکینوں کی جانب سے گیس کی بندش اور پریشر میں کمی کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرین نے ٹائر جلا کر سریاب روڈ کو ہر طرح کی ٹریفک کے لیے بند کردیا۔ روڈ کی بندش کے باعث سڑک کے دونوں طرف گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ مظاہرین کہنا تھا کہ ہر سال سردیوں کے شروع ہوتے ہی علاقے میں گیس کی بندش اور پریشر میں کمی کا مسئلہ سنگین ہوجاتا ہے، اس سال بھی سردیوں کی شدت میں اضافے کے ساتھ ہی گیس کی بندش اور پریشر میں کمی کا مسئلہ شروع ہوگیا ہے، جس سے اہالیان علاقہ کے گھریلو اور تجارتی معاملات بری طرح متاثر ہوکر رہ گئے ہیں۔ صارفین سے وقت پر بل تو وصول کیے جاتے ہیں تاہم برسوں سے اہالیان سریاب کو درپیش مسئلے کو حل نہیں کیا جارہا، جس کی وجہ سے ہر سال سریاب کے عوام کو احتجاج کرنا پڑتا ہے، لیکن ابھی تک عوام کودرپیش اس مشکل کے حل کے لیے سوئی سدرن گیس کمپنی کی جانب سے کسی قسم کے اقدامات نہیں اٹھائے جاسکے ہیں، جو قابل افسوس ومذمت امر ہے۔ اس شدید سردی میں گیس نہ ہونے کے باعث علاقے کے عوام کو سخت مشکلات کاسامنا ہے بلکہ بچوں، بوڑھوں اور بیمار افراد کو سردی سے بچانا بھی ان کے لیے چیلنج بن چکا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ سریاب میں فوری طور پر گیس پریشر کے مسئلے کو حل کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں بصورت دیگر اہالیان علاقہ احتجاجی تحریک شروع کرنے پر مجبور ہوں گے، جس کی تمام تر ذمے داری ایس ایس جی سی کے حکام پر عائد ہوگی۔