مدارس کے طلبہ اسلام کے خادم ومبلغ ہیں ،عبدالمالک مجاہد

184

لاہور (نمائندہ جسارت) دینی مدارس اسلام کے قلعے اورہدایت کے سرچشمے ہیںاوردینی مدارس کے طلبہ وطالبات اسلام کے خادم ومبلغ ہیں ۔کامیابی والدین کی خدمت اوردعائوں سے ملتی ہے،تعلیم وتحقیق سے انسان کی شخصیت سنورتی اورقومیں تعمیروترقی کی منازل طے کرتی ہیں،الرحمہ انسٹی ٹیوٹ بہت کم وقت میں ایک مثالی تعلیمی ادارہ بن چکاہے ۔ان خیالات کااظہار دارالسلام ایجوکیشنل سسٹم کے چئیرمین عبدالمالک مجاہدنے الرحمہ انسٹی ٹیوٹ میں وسیع اورتمام سہولتوں سے آراستہ لائبریری اورریسرچ سیکشن کے افتتاح کے موقع پر گفتگوکرتے ہوئے کیا۔اس موقع پرمدیرالجامعہ حافظ عبدالعظیم اسد،مدیرتعلیم مولانامحمد ندیم شیخ اوردیگر اساتذہ کرام بھی موجودتھے۔دارالسلام ایجوکیشنل سسٹم کے چیئرمین نے کہاکہ ریسرچ سیکشن اورلائبریری میں دینی مدارس کے نصاب میں شامل احادیث کی بنیادی کتابوں کے عربی زبان میں درسی حواشی مرتب کرنے کاکام کیاجائے گااس عظیم الشان کام سے اساتذہ اور طلبہ یکساں مستفیدہوں گے۔انہوں نے کہادینی مدارس پاکستان کی سب سے بڑی این جی اوزہیں جہاں لاکھوں طلبہ وطالبات کوزیورتعلیم سے آراستہ کرنے کے ساتھ ساتھ خوراک ،رہائش اورمفت طبی سہولیات دی جاتی ہیں ۔ ا ٓج کے دینی مدارس میں دینی تعلیم کے ساتھ ساتھ دنیوی تعلیم پربھی پوری توجہ دی جاتی ہے ،یہی وجہ ہے کہ دینی مدارس کے فارغ التحصیل طلبہ ہرمیدان میں کامیابی کے جھنڈے گاڑرہے ہیں،حال ہی میں الرحمہ انسٹی ٹیوٹ کے دوطلبہ اعلیٰ تعلیمی کارکردگی کی بنیادپروزیراعظم سے شیلڈزوصول کرچکے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ تعلیم سے انسان کی شخصیت سنورتی اورقومیں تعمیروترقی کی منازل طے کرتی ہیں ۔آج کے دینی مدارس میں دینی اوردنیوی تعلیم پریکساں توجہ دی جارہی ہے ۔تعلیم کوعام کرنے کے لیے دینی مدارس اقتدارمیں آنے والی ہرحکومت کابوجھ اٹھائے ہوئے ہیں اورلاکھوں طلبہ وطالبات کوزیورتعلیم سے آراستہ کررہے ہیں۔