آئی سی سی نے انڈر19کرکٹ ورلڈکا شیڈول جاری کردیا

130

کراچی (اسٹاف رپورٹر) 13 واں آئی سی سی انڈر19 کرکٹ ورلڈ کپ آئندہ سال 17 جنوری سے جنوبی افریقا میں شروع ہوگا جس میں 16 مختلف ممالک کی ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کے لئے پنجہ آزمائی کریں گی۔ میگا ایونٹ کے کامیاب انعقاد کے لئے تیاریاں عروج پر ہیں۔ پاکستان کو گروپ سی میں بنگلادیش، اسکاٹ لینڈ اور زمبابوے کے ساتھ شامل کیا گیا ہے۔ 4 مرتبہ کی فاتح بھارتی ٹیم ٹائٹل کا دفاع کریگی۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی ) کے مطابق آئی سی سی انڈر19 کرکٹ ورلڈ کپ کا 13 واں ایڈیشن 17 جنوری 2020ء کو جنوبی افریقا میں شروع ہوگا، میگا ایونٹ کے کامیاب انعقاد کے لئے تیاریاں ابھی سے شروع کردی گئیں ہیں۔ میگا ایونٹ میں 16 ٹیمیں شرکت کریں گی جن میزبان جنوبی افریقا، پاکستان، بھارت، جاپان، نیوزی لینڈ، سری لنکا، بنگلادیش، انگلینڈ، ویسٹ انڈیز، آسٹریلیا، نائیجیریا، اسکاٹ لینڈ، زمبابوے، کینیڈا، متحدہ عرب امارات اور افغانستان شامل ہیں۔ تمام 16 ٹیموں کو 4 گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے، گروپ اے میں بھارت، جاپان، نیوزی لینڈ اور سری لنکا شامل ہیں۔ گروپ بی میں آسٹریلیا، انگلینڈ، نائیجیریا اور ویسٹ انڈیز کو رکھا گیا ہے۔ گروپ سی میں پاکستان، بنگلا دیش، اسکاٹ لیند اور زمبابوے شامل ہیں جبکہ گروپ ڈی میں افغانستان، کینیڈا، جنوبی افریقا اور متحدہ عرب امارت ہیں۔2 مرتبہ کی عالمی چیمپئن پاکستان کی ٹیم ورلڈ کپ 2020ء میں اپنا پہلا میچ اسکاٹ لینڈ کے خلاف 19 جنوری کو پوچیف اسٹروم کی نارتھ ویسٹ یونیورسٹی اوول میں کھیلے گی۔ 24 روز تک جاری رہنے والے ایونٹ میں 48 میچز کھیلے جائیں گے۔