پاکستان کی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں شکست رینکنگ بچ گئی

223
پرتھ: پاکستانی بلے باز خوشدل شاہ آسٹریلیا کے خلاف تیسرے اورآخری ٹی ٹوئنٹی میچ میں شاٹ کھیلتے ہوئے
پرتھ: پاکستانی بلے باز خوشدل شاہ آسٹریلیا کے خلاف تیسرے اورآخری ٹی ٹوئنٹی میچ میں شاٹ کھیلتے ہوئے

پرتھ (جسارت نیوز)آسٹریلیا نے تیسرے ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان کو 10وکٹوں سے شکست دیکر سیریز2-0سے اپنے نام کر لی۔ کنگروز نے تمام شعبوں میںگرین شرٹس کو آئوٹ کلاس کر دیا۔ آسٹریلیا نے ایرون فنچ اور ڈیوڈ وارنر کی جارحانہ اننگز کی بدولت11.5اوورز میں 107رنز کا معمولی ہدف پورا کر لیا۔ ڈیوڈ وارنر 48اور فنچ 52 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔پاکستان کی جانب سے کوئی بھی بولر وکٹ حاصل نہ کر سکا۔ آسٹریلیا کے سین ایبٹ کو میچ میں3وکٹیں حاصل کرنے پر مین آف دی میچ جبکہ اسٹیو اسمتھ کو سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔جمعہ کوآسٹریلیا کے شہر پرتھ میں کھیلے گئے تیسرے ٹی 20میں آسٹریلوی کپتان ایرون فنچ نے ٹاس جیت کر پاکستان کی ٹیم کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ میچ میں پاکستان کی ٹیم میں 4تبدیلیاں کی گئی ہیں اور فخر زمان، آصف علی، محمد عرفان اور وہاب ریاض کی جگہ امام الحق، خوشدل شاہ، محمد حسنین اور محمد موسی کو شامل کیا گیا ہے۔کپتان بابر اعظم نے امام الحق کے ہمراہ آسٹریلیا کے خلاف اننگ کا آغاز کیا لیکن گزشتہ 2میچز کے برعکس کپتان بابر اعظم اچھی کارکردگی نہ دکھاسکے اور دوسرے اوور میں 6رنز بنا کر آئوٹ ہوگئے۔بابراعظم کے بعد وکٹ کیپر اور بلے باز محمد رضوان میدان میں آئے لیکن دوسرے اوور کی تیسری بال پر بغیر کوئی رن بنائے آئوٹ ہوگئے۔محمد رضوان کے بعد حارث سہیل نے ٹیم کی بیٹنگ لائن کو سنبھالنے کی کوشش کی لیکن اس مرتبہ اوپنر امام الحق 22کے مجموعی اسکور پر 14رنز بناکر آئوٹ ہوگئے۔امام الحق کے بعد افتخار حسین نے بیٹنگ کا آغاز کیا لیکن حارث سہیل 54کے مجموعی اسکور پر نویں اوور میں 8رنز بنا کر آئوٹ ہوگئے۔حارث سہیل کے بعد خوش دل شاہ میدان میں آئے اور 8رنز بنا کر آئوٹ ہوگئے، ان کے بعد آنے والے عماد وسیم بھی صرف 6رنز بنا کر 88کے مجموعی اسکور پر آئوٹ ہوگئے۔عماد وسیم کے بعد افتخار احمد 92کے مجموعی اسکور پر 45رنز بنا کر آئوٹ ہوئے جبکہ شاداب خان صرف ایک رن ہی بناسکے جبکہ محمد عامر9 اور محمد حسنین4رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔پاکستان نے مقررہ 20اوورز میں8وکٹوں کے نقصان پر106رنز بنائے۔آسٹریلیا کی جانب سے کین رچرڈسن نے3، مچل اسٹارک اور ایبٹ نے2،2جبکہ ایگر نے ایک وکٹ حاصل کی۔جواب میں آسٹریلیا کے اوپنر ایرون فنچ اور ڈیوڈ وارنر نے جارحانہ اننگز کھیلتے ہوئے11.5اوورز میں ہدف پورا کر لیا۔ڈیوڈ وارنر 48اور فنچ 52 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔پاکستان کی جانب سے کوئی بھی بولر وکٹ حاصل نہ کر سکا۔آسٹریلیا کے سین ایبٹ کو مین آف دی میچ جبکہ اسٹیو اسمتھ کو سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔دوسری طرف آئی سی سی کی جانب سے ٹیم رینکنگ میں کوئی تبدیلی نہیںکی گئی۔ پاکستان ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں پہلی پوزیشن پر براجمان ہے ،آسٹریلیا سیریز اپنے نام کرنے کے بعد بھی دوسری پوزیشن پر موجود ہے۔ انگلینڈ تیسری اورجنوبی افریقا چوتھی پوزیشن پرفائز ہیں ،اسی طرح بھارت 5ویں نمبر پر ہے۔