انگلینڈ نے نیوزی لینڈ کو ہراکر ٹی ٹوئنٹی سیریز 2-2 سے برابر کردی

145

نیپئر(جسارت نیوز)انگلینڈ نے ڈیوڈ میلان اور اوئن مورگن کی شاندار بیٹنگ کی بدولت نیوزی لینڈ کو چوتھے ٹی 20میں 76رنز سے شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز 2-2سے برابر کر دی، انگلینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ریکارڈ 241رنز کا مجموعہ ترتیب دیا، ڈیوڈ میلان اور اوئن مورگن نے 182رنز کی شراکت قائم کرکے تاریخ رقم کی۔نیوزی لینڈ پہاڑ جیسا ہدف حاصل نہ کر سکی اور پوری ٹیم 16.5اوورز میں 165رنز بناکر آئوٹ ہوئی، ٹم سائودی 39 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے، میٹ پارکنسن نے 4 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا، ڈیوڈ میلان مرد میدان قرار پائے۔ جمعہ کو میکلین پارک نیپئر میں کھیلے گئے سیریز کے چوتھے میچ میں نیوزی لینڈ کے کپتان ٹم سائودی نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو غلط ثابت ہوا، انگلینڈ نے ڈیوڈ میلان اور کپتان اوئن مورگن کی طوفانی بیٹنگ کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 241رنز بنائے، انگلینڈ کا یہ ٹی 20 انٹرنیشنل میں سب سے بڑا مجموعہ ہے ، پہلی دو وکٹیں جلد گر جانے کے بعد ڈیوڈ میلان اور مورگن انتہائی عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 74 گیندوں پر 182 رنز کی شراکت قائم کر کے تاریخ رقم کی، چوتھی وکٹ میں یہ ٹی 20 انٹرنیشنل کی سب سے بڑی شراکت ہے، ڈیوڈ میلا ن نے انگلینڈ کی طرف سے تیز ترین سنچری بنانے کا اعزاز اپنے نام کیا۔انہوں نے 48 گیندوں پر کیریئر کی پہلی سنچری بنائی اور 104 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے، اوئن مورگن نے 41 گیندوں پر 91 رنز کی دلکش اننگز کھیلی، بدقسمتی سے وہ 9 رنز کے فرق سے کیریئر کی پہلی سنچری نہ بنا سکے۔ مچل سینٹنر نے دو کھلاڑیوںکو آئوٹ کیا۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم پہاڑ جیسا ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم 16.5 اوورز میں 165 رنز بناکر آئوٹ ہوگئی، ٹم سائودی 39 ، کولن منرو 30 اور مارٹن گپٹل 27 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، ٹم سیفرٹ 3 ، کولن ڈی گرانڈہوم 7 ، روس ٹیلر 14 ، ڈیرل مچل 2 اور مچل سینٹنر 10 رنز بناکر آئوٹ ہوئے، میٹ پارکنسن نے شاندار بائولنگ کا مظاہرہ کیا اور 4 وکٹیں حاصل کیں، کرس جورڈن نے دو جبکہ ٹام کرن، سام کرن اور پیٹ برائون نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔