ایران طاقت ور زلزلے سے لرز اٹھا‘ 5 ہلاک‘ 312 زخمی

180
ایران: طاقت ور زلزلے کے باعث مکانات گرگئے ہیں‘ فائربریگیڈ اور دیگر ادارے امدادی کارروائیاں کررہے ہیں
ایران: طاقت ور زلزلے کے باعث مکانات گرگئے ہیں‘ فائربریگیڈ اور دیگر ادارے امدادی کارروائیاں کررہے ہیں

تہران (انٹرنیشنل ڈیسک) ایران میں طاقت ور زلزلے سے 5 افراد ہلاک اور 300 سے زائد زخمی ہوگئے۔ خبررساں اداروں کے مطابق ایران میں جمعہ کی صبح طاقت ور زلزلہ آیا۔ ریکٹر اسکیل پر 5.9 کی شدت کے یہ جھٹکے ایرانی صوبے مشرقی آذربائیجان میں محسوس کیے گئے۔ زیادہ تر افراد معمولی زخمی ہوئے اور صرف 5کو اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق اس زلزلے کا مرکز زمین سے 6.2 کلومیٹر کی گہرائی میں تھا۔ زلزلے کے بعد بہت سے خوف زدہ مقامی باشندے اپنے گھروں سے باہر نکل آئے تھے۔ بڑے جھٹکوں کے بعد کچھ کم شدت کے 40 سے زیادہ ضمنی جھٹکے بھی محسوس کیے گئے، جنہوں نے صوبے مشرقی آذربائیجان میں البرز کے پہاڑی علاقے میں واقع متاثرہ علاقے کو کئی بار ہلا کر رکھ دیا۔ سرکاری ٹیلی وژن نے بتایا کہ آخری خبریں آنے تک زخمیوں کی تعداد 312 ہو چکی تھی۔ یہ بھی بتایا گیا ہے کہ زخمیوں میں سے زیادہ تر کو چوٹیں اس وقت آئیں، جب وہ خوف کے عالم میں اپنے گھروں سے دوڑ کر باہر نکل رہے تھے۔ اس زلزلے کے نتیجے میں ہلاکتوں اور زخمی ہونے والے شہریوں سے متعلق ان اعداد و شمار کی ملک کی ہنگامی طبی خدمات کے شعبے کے سربراہ نے بھی تصدیق کر دی ہے۔ امدادی ٹیمیں متاثرہ علاقے کی طرف روانہ کی جا چکی ہیں۔ یہ بھی بتایا گیا ہے کہ اس زلزلے سے درجنوں گھر مکمل طور پر تباہ ہو گئے۔ ایران جغرافیائی طور پر ایک ایسے خطے میں واقع ہے، جہاں اوسطاً ہر روز ایک بار زلزلہ آتا ہے۔ 2003ء میں ایران کے تاریخی شہر بام میں آنے والے ریکٹر اسکیل پر 6.6 شدت کے زلزلے کے نتیجے میں 26 ہزار انسان مارے گئے تھے۔