قرآن و سنت کا نفاذ ہی حقیقی عشق رسولؐ ہے، حافظ نصراللہ

116

ٹھٹھہ(نمائندہ جسارت)نائب امیر جماعت اسلامی سندھ و دینی اسکالر حافظ نصراللہ عزیز چنا نے کہا ہے کہ عشق مصطفیؐ کا تقاضا ہے کہ نظام مصطفیؐ کے لیے جدوجہد کی جائے۔ زبانی جمع خرچ اور کھوکھلے دعوئوں سے نہیں بلکہ اپنی زندگی کے ہر دائرے میں قرآن و سنت کو نافذ کرکے سچے عاشق رسول ؐ کا عملی ثبوت دیا جائے۔ جماعت اسلامی سندھ کے مرکزی میڈیا سیل کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے مکلی میں سیرت النبیؐ کے جلسے سے خطاب کے دوران کیا۔ اجتماع سے ایڈووکیٹ عبدالمجید سموں، مولانا عبدالحمید شورو نے بھی خطاب کیا۔حافظ نصر اللہ عزیز نے مزید کہاکہ آج اسلام و مسلمان دشمن قوتیں امت کو فرقوں و مسالک اور علاقوں میں تقسیم کرکے اپنے مذموم مقاصد حاصل کرنا چاہتی ہیں۔ شام سے فلسطین اور کشمیر سے افغانستان تک پانی کی طرح مسلمانوں کا خون بہایا جا رہا ہے۔ امت کو اپنی بقا اور کھویا ہوا مقام حاصل کرنے کے لیے اتحاد و یکجہتی اور سیرت النبیؐ پر عمل کرنا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارے تمام مسائل کا حل نظام مصطفی ؐ کے نفاذ میں ہے۔اسی میں ہی پوری انسانیت کی فلاح ہے۔