ای سی سی نے نیشنل پاور پارکس مینجمنٹ کمپنی کی نجکاری کی اجازت دیدی

127

اسلام آباد (اے پی پی) کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے نجکاری کمیشن (پی سی) کو نیشنل پاور پارکس مینجمنٹ کمپنی (این پی پی ایم سی ایل) کی نجکاری کی اجازت دیدی ہے جبکہ بجلی کی خریداری کے معاہدے کے تحت رسک الاٹمنٹ کا جائزہ لینے اور ایڈجسٹمنٹ سے متعلق امور پر حتمی فیصلے کا معاملہ ای سی سی کے اگلے اجلاس میں دوبارہ زیر غور لایا جائے گا۔ یہ ہدایات جمعہ کو مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ کی زیر صدارت منعقدہ کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں دی گئیں۔ اجلاس میں کہا گیا کہ ین پی پی ایم سی کے زیر انتظام ان پلانٹس کو گیس فراہمی کی شرح میں تبدیلی سے کمپنی کی نجکاری متاثر نہیں ہو گی کیونکہ پی پی اے کے تحت دونوں پلانٹس کی ادائیگی کو یقینی بنایا گیا ہے، اس لیے اقتصادی رابطہ کمیٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ نجکاری کمیشن کو اپنے ٹرانزیکشن کے ساتھ آگے بڑھنا چاہیے۔ ای سی سی نے مزید کہا کہ گیس کے دیگر سیکٹرز کی ری لوکیشن کا معاملہ اگلے اجلاس میں زیر بحث لایا جائے گا جس میں نجکاری کمیشن کی جانب سے اس سلسلہ میں تفصیلی تجویز پیش کی جائے گی۔