عمران سے وفاق کو خطرہ ہے‘ کچھ قوتیں مجھ پر دباؤ ڈال رہی ہیں‘ بلاول

431
مظفرگڑھ: پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری جلسے سے خطاب کررہے ہیں
مظفرگڑھ: پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری جلسے سے خطاب کررہے ہیں

 مظفرگڑھ (صباح نیوز) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول زرداری نے کہا ہے کہ کچھ قوتیں مجھ پر دبائو ڈالنا چاہتی ہیں لیکن میں اصولوں پر سمجھوتا نہیں کروں گا‘ عمران خان کی آمرانہ اور فاشسٹ سوچ سے جمہوریت، آئین اور وفاق خطرے میں ہے‘ کیوں نہ ظالم حکومت کے خلاف بغاوت اور تحریک کا آغاز کیا جائے؟ کیوں نہ سلیکٹرز کو بتایا جائے کہ آپ کے سلیکٹڈ فیل ہوچکے ہیں اور عوام نے انہیں مسترد کردیا ہے۔ مظفر گڑھ میں خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے ایک سال میں معیشت کا بیڑا غرق کر دیا ہے‘ نااہل ٹولہ ملک سنبھال سکتا ہے نہ معیشت‘ احتساب کے نام پر سیاسی انتقام کی حد کر دی گئی ہے‘ یہ کیسا احتساب ہے جو صرف اپوزیشن کا ہو رہا ہے‘ کیس سندھ میں ہوتا ہے لیکن سماعت پنڈی میں ہوتی ہے‘ کچھ قوتیں مجھ پر دبائو ڈالنا چاہتی ہیں لیکن میں اصولوں پر سمجھوتا نہیں کروں گا‘ عوام کو حکومت کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑیں گے‘ عوام کے حقوق کے لیے لڑتا رہوں گا۔ چیئرمین پی پی پی کا کہنا تھا کہ انتخابات میں دھاندلی ہوئی‘ کسی جماعت نے انتخابات کو تسلیم نہیں کیا‘ یہ حکومت پچھلے10 سال کارونا رو رہی ہے اور ہر قسم کا الزام لگا رہی ہے‘ اگر عوام نے کہا تو پیپلز پارٹی دھرنے کی سیاست بھی کرے گی۔ بلاول زرداری نے کہا کہ کٹھ پتلی کو میدان صاف کرکے سہولتیں دی گئیں‘ گزشتہ الیکشن کو کسی پارٹی نے تسلیم نہیں کیا‘ کئی پارٹیوں نے حلف اٹھانے سے بھی انکار کیا‘ پیپلز پارٹی نے دوسری پارٹیوں کو پارلیمان جانے پر راضی کیا۔ بلاول نے کہا کہ صدر آصف زرداری نے پہلے بھی11سال جیل میں گزارے ‘ ہم ظلم برداشت کر رہے تھے لیکن یہ اب عوام پر ظلم کر رہے ہیں‘ ہم اس عوام کو ظالم حکومت کے رحم وکرم پر نہیں چھوڑیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے مسائل کا حل عوامی حکومت ہے‘پوری اپوزیشن متفق ہے کہ اس سلیکٹڈ سے جان چھڑانی ہوگی‘ کٹھ پتلی جتنا رہے گا ملک کی معیشت اتنی خراب ہوگی۔