حکومت نے قومی آزادی کو عالمی مالیاتی اداروں کے حوالے کردیا‘ لیاقت بلوچ

372

 لاہور (نمائندہ جسارت)نائب امیر جماعت اسلامی اور سابق پارلیمانی لیڈر لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ حکومت نے قومی وقاراور آزادی کو عالمی مالیاتی اداروں کی دہلیز پر ڈھیر کردیا ہے،تبدیلی کے دور میں عوام کا مقدر مہنگائی ،بے روزگاری اور ذلت بن گیا ہے۔ مولانا فضل الرحمن کی قیادت میں آزادی مارچ کامیابی سے جار ی ہے۔عمران خان سرکار کا غرور اور تکبر ٹوٹ رہا ہے۔ آئین و قانون کی حکمرانی ،صاف شفاف غیر جانبدارانہ انتخابات، بااختیارپارلیمنٹ اور ملک دشمن قوتوں کے خلاف سیاست دانوںکا ایک پیج پر ہونا پاکستان کی ضرورت ہے اور یہ ہی ترقی اور استحکام کا راستہ ہے۔وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت توکسی نہ کسی طرح مل گئی ہے لیکن اسٹیبلشمنٹ سیاسی حکومت اور قیادت کو وژن،گڈ گورننس نہیں دے سکتی۔حکومت اور پارلیمانی اقتصادی سماجی محاذ پر ناکام ہے۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار لاہور میں ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔لیاقت بلوچ نے کہا کہ سعودی عرب اور یمن میں مذاکرات معاہد ہ خوش آئند ہیں۔اتحاد امت ہی مسائل کا حل ہے ۔سعودی عرب اور ایران کے تعلقات کی بحالی خطے کے لیے ناگزیر ہے۔عمران خان نے ثالثی کے اعلان اور وعدے کیے، وہ اعلانات کے ماہر بن گئے جبکہ عمل کے میدان میں کچھ نہیں کرتے۔پاکستان کے مسائل کا حل ریاست مدینہ کے نظام میں ہی ہے۔نظام مصطفیؐ کے قیام کے لیے عوام اللہ کی رسی کو پکڑیں اور تاجدارمدینہ و ختم نبوتؐ سے عمل والا عشق پیدا کریں۔اسلامی معاشی نظام ہی ہمارے اقتصادی مسائل کا حل ہے۔