بجلی پر206ارب کی سبسڈی دی‘ 8ہزار میگا واٹ سسٹم میں شامل ہوگی‘ وزیرتوانائی

26

 اسلام آباد (اے پی پی) وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب خان نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر موجودہ حکومت نے اقتدار میں آنے کے بعد سے اب تک بجلی کے صارفین کے لیے بجٹ میں 206 ارب روپے کی سبسڈی دی ہے، انہوں نے بتایا کہ 2025ء تک 8ہزار میگا واٹ سسٹم میں شامل ہوگی۔ وفاقی سیکرٹری توانائی عرفان علی کے ہمراہ پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر توانائی نے کہا کہ موسم سرما کی آمد کے پیش نظر زرعی ٹیوب ویلز، کاروباری اور گھریلو صارفین کے علاوہ صنعتی صارفین کے لیے بھی رعایتی بجلی نرخوں کا اعلان کیا گیا ہے جس کے مطابق اضافی بجلی استعمال کرنے والے صارفین کو 11.97 روپے فی یونٹ کے حساب سے بجلی فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اضافی بجلی کے صارفین کی تعداد کل صارفین کی تعداد کا 31.19 فیصد بنتے ہیں جبکہ 22 فیصد صنعتی صارفین بھی اس سہولت سے مستفید ہوں گے جس سے صنعتی پہیہ چلے گا، پیداوار بڑھے گی اور روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے یہ فیصلہ صنعتی صارفین کو بین الاقوامی سطح پر مقابلے کے لیے اپنی پیداوار کی فروخت میں مدد کے لیے فراہم کی ہے۔ عمر ایوب نے کہا کہ قابل تجدید توانائی بورڈ کا اجلاس گزشتہ دنوں میں ہوا جس میں اہم فیصلے کیے گئے ہیں اور 2025ء تک متبادل توانائی ذرائع کے ذریعے 8 ہزار میگاواٹ اضافی بجلی سسٹم میں شامل کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے ساڑھے 6 روپے فی یونٹ کے حساب سے سستی بجلی سسٹم میں شامل ہو گی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ اقتصادی رابطہ کمیٹی میں اس ضمن میں فیصلہ کر لیا گیا ہے تاہم اس کا اعلان وزارت خزانہ کے ترجمان کی جانب سے الگ سے کیا جائے گا۔ وفاقی سیکرٹری توانائی عرفان علی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 300 یونٹ پر نارمل ریٹ ہو گا اور اس سے سلیب بڑھے گی تو 11.97 فی یونٹ کا ریٹ لاگو ہو گا جو کہ موسم سرما میں بجلی کا مصرف بڑھنے کے اعتبار سے ایک رعایتی نرخ ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2025ء تک سستی بجلی کا انقلاب لا رہے ہیں اور قابل تجدید توانائی کے وسائل پر انحصار بڑھنے سے اسے عملی شکل ملے گی جس کے لیے وزارت نے 8 ہزار میگاواٹ متبادل توانائی کے وسائل سے بجلی حاصل کرنے کا ہدف مقرر کر رکھا ہے۔