شبلی فراز کے بیان پر سینیٹ میں ہنگامہ، معافی نہ مانگنے پر اپوزیشن کا واک آؤٹ

141

 اسلام آباد(صباح نیوز)سینیٹ میں قائدایوان سینیٹر شبلی فرازکے بیان پر اپوزیشن جماعتوں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے شیم شیم کے نعرے لگائے۔ قائد حزب اختلاف راجا ظفر الحق نے قائدایوان سے اپنے بیان پر معافی مانگنے کامطالبہ کردیا،معافی نہ مانگنے پر اپوزیشن نے واک آوٹ کردیا۔مولابخش چانڈیونے کورم کی نشاندہی کردی جس پر چیئرمین سینیٹ نے اجلاس پیر تک ملتوی کردیا۔قبل ازیں قائدایوان سینیٹر شبلی فراز نے کہاکہ اپوزیشن والے لبرلوں کے ٹھیکہ داربنتے ہیں، اب مولانا کو لیڈر مان لیا ہے تو مولانا فضل الرحمن کی بیت بھی کرلیں ،ذولفقار علی بھٹو اور بے نظیربھٹو کا نام نہ لیں ،یہ سیاسی انتقام نہیں کرپشن میں گرفتارہوئے، ہم نے یہ کیس نہیں بنائے۔ قائدایوان نے عندیا دے دیاکہ اب ہم بھی کرپشن پر کیس بنائیں گے،اپنے الفاظ کا آعادہ کرتاہوں اورمعافی نہیںمانگوں گا۔قائد حزب اختلاف سینیٹرراجا ظفر الحق نے کہاکہ اگر کوئی اور مذہب کی بات کرے تو مذہبی کارڈاورعمران خان دن رات ریاست مدینہ کی بات کریں تو مذہنی کارڈ نہیں۔قائد ایوان کے بیان پر معافی نہ مانگے پر اپوزیشن جماعتوں نے ایوان سے واک آؤٹ کیا۔چیئرمین سینیٹ نے گریڈ 20سے کم وزارتوں کے افسران کوایوان میں بیٹھے سے روک دیاجب کہ سیکرٹری داخلہ کی عدم حاضری پر ان کوشوکاز نوٹس جاری کرنے کاحکم دے دیا۔