احتساب عدالت: مختار خٹک اور عاطف ملک 6 روزہ ریمانڈ پر نیب کے حوالے

95

اسلام آباد(اے پی پی) اسلام آباد کی احتساب عدالت نے غیر قانونی بھرتیوں کے ریفرنس میں گرفتار پی ڈبلیو ڈی کے چیف ایڈمن افسر مختار بادشاہ خٹک اور ڈومیسائل کلرک عاطف ملک کو 6 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق نیب حکام نے دونوں ملزمان کو احتساب عدالت کے جج محمد بشیر کے روبرو پیش کیا اور عدالت سے استدعا کی کہ فرانزک کے لیے بھجوائی گئی ایک رپورٹ کل رات موصول ہوئی ہے جبکہ3 مزید رپورٹس کا انتظار ہے جس کے بعد ملزمان سے تفتیش کرنی ہے، مزید تفتیش کے لیے 7 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کیا جائے۔ بعد ازاں عدالت نے 6 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے نیب کو حکم دیا کہ 14 نومبر کو ملزمان کو دوبارہ پیش کریں۔