اسلام آباد ہائیکورٹ‘ پی ایم ڈی سی کی تحلیل پرفریقین سے جواب طلب

99

اسلام آباد (اے پی پی) اسلام آباد ہائیکورٹ نے پی ایم ڈی سی کی تحلیل اور میڈیکل کمیشن کے قیام کے خلاف درخواستوں پر فریقین کو ایک ہفتے میں جواب جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے سماعت 18 نومبر تک ملتوی کر دی۔ جسٹس محسن اخترکیانی نے مذکورہ مقدمات کے خلاف درخواستوں پر سماعت کی۔ دوران سماعت درخواست گزار کے وکیل اور اٹارنی جنرل انور منصور خان عدالت میں پیش ہوئے، درخواست گزار کے وکیل کا کہنا تھا کہ وزارت صحت بتائے کہ48 گھنٹے میں کیسے پی ایم ڈی سی تحلیل کرکے پی ایم سی کا قیام عمل میں لایا گیا۔ بابر ستار ایڈووکیٹ کا کہنا تھا کہ آرڈیننس کی آڑ میں پی ایم ڈی سی کے مستقل ملازمین کو نوکری سے فارغ کر دیا گیا، پی ایم سی کے اراکین کا تقرر بھی ضوابط کے خلاف کیا گیا۔ اٹارنی جنرل نے عدالت کو یقین دہانی کرائی کہ اسامی مشتہر کیے بغیر کوئی تعیناتی نہیں کی جائے گی، ابھی تک پاکستان میڈیکل کمیشن میں ملازمت کے لیے کوئی بھی اسامی مشتہر نہیں کی گئی، جس پر درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اپنایا کہ کمیشن بنانے پر کوئی اشتہار نہیں دیا گیا تھا مگر اراکین کی تعیناتی کی گئی۔ اٹارنی جنرل نے جواب جمع کرانے کے لیے وقت کی استدعا کی جسے عدالت نے منظور کر لیا۔