اسلحہ جعلی لائسنس کیس‘ 3 ملزمان کے ریمانڈ میں10روز کی توسیع

117

لاہور (نمائندہ جسارت) احتساب عدالت لاہور نے ڈی سی آفس میں اسلحہ جعلی لائسنس اسکینڈل کیس میں 3 ملزمان کے مزید 10 روزہ جسمانی ریمانڈ میں مزیدتوسیع کر دی اورانہیںدوبارہ 18 نومبر کو عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے دیا۔ احتساب عدالت کے جج چودھری امیر محمد خان نے کیس کی سماعت کی‘ ملزمان میں سید رضوان حسین، وقار علی اور صفدر احمد شامل ہیں۔ نیب پراسیکیوٹر کی جانب سے تمام ملزمان کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا کرتے ہوئے موقف اختیار کیا گیا کہ ملزمان نے جن جن لوگوں کو لائسنس جاری کیے اس کی تفتیش کی جا رہی ہے‘ ملزمان لوگوں کو اسلحے کے جعلی لائسنس بنا کر دیتے تھے‘ ملزمان نے لوگوں سے جعلی لائسنس کے نام پر کروڑوں رو پے بٹورے‘ 2009 ء میں 47 ہزار سے زاید اسلحے کے جعلی لائسنس جاری کیے گئے۔