تاجر برادری کو ساتھ لے چلیں گے،آئی جی کراچی

361

کراچی (اسٹاف ر پورٹر)ایڈیشنل آئی جی کراچی پولیس غلام نبی میمن نے کہا ہے کہ تجارتی مراکز میںامن وامان کی صورتحال کو کنٹرول کرنے کے لیے تاجر برادری کو ساتھ لے کر چلیں گے ،جرائم کی وارداتوں میں اضافہ کسی صورت میں برداشت نہیں کیا جا ئے گا۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے گزشتہ روز آل کراچی انجمن تاجران کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔تاجر رہنمائوںالیاس میمن، عبدالصمد خان،رفیق جدون اورہارون چاند کی قیادت میں تاجر رہنمائوں کے ایک وفد نے ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام نبی میمن سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ملاقات میں طارق روڈ ٹریڈرز الائنس اور صدر الائنس آف مارکیٹس ایسوسی ایشن کے عہدیدران شوکت ربانی، اعظم جٹ، نزیر خان،سلیم انڑ،ناصر محمود،غلام شبیر اورمحمود لاکھانی سمیت دیگر تاجر رہنما بھی شامل تھے۔ وفد نے کراچی کی مختلف مارکیٹس میں پولیس سے متعلق مسائل سے ایڈیشنل آئی جی کو آگاہ کیا۔ ملاقات میں تاجروں اور پولیس کے درمیان بہتر تعلقات،ملاقاتوں اور ورکنگ ریلیشن شپ پر زور دیا گیا تاکہ باہمی تعاون کے نتیجے میں امن و امان کی صورتحال بہتر سے بہتر ہوپائے۔ اس موقع پرایڈیشنل آئی جی کراچی غلام نبی میمن نے تاجرہنماؤں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پولیس اور تاجروں کا ایک دوسرے سے چولی دامن کا ساتھ ہے،بغیر عوامی اور تاجر حلقوں کے تعاون اور رہنمائی کے پولیس کے لیے علاقوں میں موجود چیلنجز سے نمٹنا خاصا مشکل کام ہے لہٰذا تمام اضلاع کے ایس ایس پیز،ڈی ایس پیز اور تھانہ ایس ایچ اوز کو ہدایات ہیں کہ تاجر تنظیموں اور سول سوسائٹی سے براہ راست رابطے میں رہیں۔ تاکہ علاقوں میں ایک بہتر ورکنگ ریلیشن کے ذریعے امن و امان کی فضاء کو بہتر بنایا جاسکے اور پولیس سے متعلق شکایات کا بھی خاتمہ ہو پائے۔ آل کراچی انجمن تاجران کے وفد نے ایڈیشنل آئی جی کراچی کو مسائل کے حل کے لیے فوری طور اقدامات کرنے کے عزم اور اپنے بھرپور تعاون پر ان کا شکریہ ادا کیا۔قبل ازیں دوران اجلاس سابق پولیس چیف کراچی شاہد حیات کے انتقال پر ان کے لیے دعا مغفرت کی گئی اور فرض شناس مرحوم پولیس افسر کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین بھی پیش کیا گیا۔