چودھری شوگر ملز کیس: نواز شریف کی حاضری سے استثنا مل گیا

88

لاہور (نمائندہ جسارت) لاہور کی احتساب عدالت نے چودھری شوگر ملز کیس میں سابق وزیراعظم نواز شریف کی طبی بنیادوں پر عدالت میں حاضری سے استثنا کی درخواست منظور کرتے ہوئے مزید کارروائی 22 نومبر تک ملتوی کردی۔ احتساب عدالت کے جج چودھری امیر محمد خان نے چودھری شوگر ملز کیس کی سماعت کی۔نیب پراسیکیوٹر نے نواز شریف کی عدالت میں حاضری سے استثنا کی درخواست کی مخالفت کی تاہم عدالت نے نواز شریف کی عدالت میں حاضری کی استثنا کی درخواست منظور کر لی، دوران سماعت مریم نواز نے ضمانتی مچلکوں پر دستخط کیے تو انہوں نے دریافت کیاکہ یہ مجھ سے دستخط کیوں کروا رہے ہیں، جس پر جج نے ریمارکس دیے دستخط کا مطلب ہے کہ آپ ہر سماعت پر حاضر ہوں گی ، جس پر مریم نواز نے کہا کہ میں حکم کی تعمیل کروں گی۔