مریم نواز نے نواز شریف کے بیرون ملک جانے کا عندیہ دے دیا

471

مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ نواز شریف کی طبیعت پہلے سے زیادہ خراب ہوگئی ہے، پاکستان میں ہر ممکن علاج ہوگیا ہے اب نواز شریف کو بیرون ملک علاج کے لیے جانا چاہیے۔

چوہدری شوگر ملز کیس کی سماعت کے بعد میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کی حالت تشویشناک ہے، ان کے علاج کے لیے پاکستان میں ہر ممکن کوشش کی گئی لیکن اب انہیں علاج کے لیے بیرون ملک جانا چاہیے۔

مریم نواز نے کہا ہے کہ نواز شریف کا نام ای سی ایل میں ہے ، ان کا نام نکلوانے کا معاملہ شہباز شریف دیکھ رہے ہیں۔انہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ میں بیرون ملک سفر نہیں کر سکتی کیونکہ میرا پاسپورٹ عدالت کے پاس ہے،میرے لیے بہت مشکل ہوگا کہ نواز شریف بیرون ملک علاج کے لیے جائیں اور میں ان کے ساتھ نہ جاؤں۔

لاہور کی احتساب عدالت میں آج چوہدری شوگر ملز کیس کی سماعت جج امیر محمد خان نے کی۔سماعت کے دوران مریم نواز عدالت میں پیش ہوئیں۔عدالت نے مریم نواز کے ضمانتی مچلکوں پر دستخط کروائے۔

عدالت نے آئندہ سماعت پر مریم نواز اور نواز شریف کو پیش ہونے کا حکم دیتے ہوئے کیس کی سماعت 22 نومبر تک ملتوی کردی ہے۔


7 نومبر 2019: نواز شریف کی حالت تشویشناک،پلیٹ لیٹس مزید کم ہو گئے

لاہور(نمائندہ جسارت):پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ نواز شریف کی حالت تشویشناک ہے اور اب ان کے خون میں پلیٹ لیٹس کی تعداد مزید گھٹ گئی ہے۔

سابق وزیراعظم نواز شریف کی صحت کے حوالے سے جاری کیے گئے بیان میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ نواز شریف کے پلیٹ لیٹس مزید کم ہو گئے ہیں،ڈاکٹروں کے مطابق نواز شریف کی حالت تشویشناک ہے،پاکستان میں دستیاب ہرممکن علاج کیا جا رہا ہے مگر پلیٹ لیٹس مستحکم نہیں ہو رہے، نوازشریف کی صحت کے لیے ڈاکٹروں کے بورڈ کا ہنگامی اجلاس بھی ہوا ہے ۔

علاوہ ازیںسابق وزیراعظم نواز شریف کی رہائش گاہ جاتی امراء میں دوسرے روز بھی ان کا علاج جاری رہا جہاں نواز شریف کی والدہ شمیم بیگم، بیٹی مریم نواز اور داماد کیپٹن (ر) صفدر نواز شریف کے پاس موجود رہے جبکہ شہباز شریف اپنے بڑے بھائی کی عیادت کے لیے دوپہر کے وقت جاتی امراء گئے ۔

یہ بھی بتایا گیا ہے کہ نواز شریف نے دوسری صبح پھل کا ناشتہ کیا جبکہ شریف میڈیکل سٹی کے ڈاکٹروں کی ایک ٹیم جو 24 گھنٹے نواز شریف کی طبی نگرانی پر معمور ہے نے جاتی امراء میں نواز شریف کا تفصیلی طبی معائنہ کیا تاہم نواز شریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان کا کہنا ہے کہ نواز شریف کے پلیٹ لیٹس کی صورتحال بہتر نہیں ہوسکی ان کی حالت بدستور تشویشناک ہے۔