طلبہ یونین کی بحالی کیلیے بلوچستان اسٹوڈنٹس الائنس کے تحت ریلی

114

کو ئٹہ(نمائندہ جسارت)تعلیمی اداروں میں طلبہ یونینز کی بحالی کیلیے بلوچستان اسٹوڈنٹس الائنس کے زیر اہتمام کوئٹہ میں احتجاجی ریلی نکالی گئی اور مظاہرہ کیا گیا۔ اسٹوڈنٹس الائنس میں شامل طلبہ تنظیموں نے جامعہ بلوچستان سے کوئٹہ پریس کلب تک احتجاجی ریلی نکالی اور مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے اپنے مطالبات کے حق میں نعرے بازی کی ، مظاہرین سے خطاب کے دوران مقررین نے جامعہ بلوچستان ہراسگی اسکینڈل میں ملوث ملزمان کی تاحال عدم گرفتاری پر شدید تنقید کی اورمطالبہ کیا کی۔ ہراسگی میں ملوث ملزمان سمیت یونیورسٹی کے سابق وائس چانسلر کو فوری طور پر گرفتار کیا جائے۔ مظاہرین نے تعلیمی اداروں میں طلبہ یونینزکی بحالی کا مطالبہ کیا اور کہا کہ یونینزکی عدم بحالی کے باعث طلبہ کے حقوق سلب ہو رہے ہیں۔