حیدرآباد:کوچ نے چنگ چی کو روندڈالا، 11افراد ہلاک،3زخمی

170

حیدرآباد(نمائندہ جسارت) نیشنل ہائی وے پر سعید آباد کے قریب تیز رفتار کوچ نے چنگ چی رکشے کو روند ڈالا 11 افراد جاں بحق‘ 3 زخمی ہوگئے‘زخمیوں کو سول اسپتال حیدرآباد منتقل کر دیا گیا‘ چنگ چی میں سوار افراد مزدور تھے جو کہ کھیتوں میں کام کے لیے جارہے تھے ‘جماعت اسلامی کے رہنماؤں کا سانحے پر اظہار افسوس۔ تفصیلات کے مطابق قومی شاہراہ پر سعید آباد بائی پاس کے قریب پنجاب سے آنے والی کوچ کے سامنے اچانک سے رکشہ آگیا، کوچ کی ٹکر سے رکشہ مکمل طور پر تباہ ہوگیا ،جس کے باعث رکشے میں سوار 11 افرادموقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ 3شدید زخمیوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ ہلاک ہونے والوں میں جمن‘ 25سالہ والو ولد ہیرو‘22سالہ کانو ولد شیدن‘ اشفاق ولد رودو‘ سعید ولد دین محمد‘ شمشاد کھوسو ولد صدیق‘دیا رام ولد چیتن ‘شیر کھوسو‘ مجنو ں کھوسو شامل ہیں ۔زخمیوں کو سول اسپتال حیدرآباد منتقل کردیا گیا ۔جماعت اسلامی سندھ کے ڈپٹی جنرل سیکرٹری و سابق ایم پی اے عبدالوحید قریشی ، ضلعی امیر حافظ طاہر مجید ، نائب امیر ڈاکٹر سیف الرحمن، جنرل سیکرٹری مطاہر خان ، ڈپٹی جنرل سیکرٹری عبدالقیوم حیدر نے حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیاہے اور غم زدہ خاندانوں سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے مرحومین کے لیے دعائے مغفرت اور سوگواران کے لیے صبر جمیل کی دعاکی ہے۔