دھرنے کا معاملہ حل ہوجائیگا،کراچی کے حالات بد تر ہو چکے، سندھ حکومت ناکام ہوگئی‘ وزیراعظم

402
اسلام آباد، وزیر اعظم عمران خان سے چینی کمپنی ہوائے کا وفد ملاقات کررہا ہے
اسلام آباد، وزیر اعظم عمران خان سے چینی کمپنی ہوائے کا وفد ملاقات کررہا ہے

اسلام آباد(نمائندہ جسارت) وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ دھرنے کا معاملہ افہام و تفہیم سے حل ہو جائے گا۔ ان کے بقول کراچی کے حالات بدتر ہو چکے ہیں اور سندھ حکومت ناکام ہوگئی۔ جمعرات کو پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں قومی اسمبلی کے اجلاس سے قبل وزیر اعظم عمران خان کی سربراہی میں پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا جس میں معاون صحت ظفر مرزا نے میڈیکل بل 2019 پر بریفنگ دی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومتی رکن ڈاکٹر رمیشن کمار نے میڈیکل بل کی بعض شقوں پر اعتراض کیا۔ انہوں نے کہا کہ قانون سازی سے متعلق ارکان پارلیمنٹ کی رائے کو اہمیت دینی چاہیے، میں بھی ڈاکٹر ہوں مجھ سے بھی مشورہ کر لیتے، جس پر وزیر اعظم نے ڈاکٹر رمیش کمار کو جھاڑ دیا۔ وزیراعظم نے رمیش کمار کو ہدایت کی کہ وہ اپنی نشست پر بیٹھیں اور بریفنگ سنیں۔وزیر اعظم نے کہا کہ میڈیکل کے شعبے کو دکانداری بنا دیا گیا ہے، یہ لوگ انسانی جانوں سے کھیل رہے ہیں، یہ لوگ اپنے میڈیکل کالج چلا رہے ہیں اور بورڈ کے ممبرز بھی ہیں، میڈیکل کے شعبے میں اصلاحات لا کر ان کا قبلہ درست کرنا ہے، سخت سے سخت سزا تجویز کریں گے، پارلیمنٹ کے ذریعے قانون سازی کا عمل تیز کیا جائے گا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں وزیراعظم نے اپنے تمام ارکان اسمبلی کو ایوان میں حاضر رہنے کی بھی ہدایت کی۔عمران خان کا کہنا تھا کہ ذخیرہ اندوزوں نے ملک میں مصنوعی مہنگائی کی ہوئی ہے، مہنگائی کے خلاف میرا ساتھ دیں، ذخیرہ اندوزوں کو کیفر کردار پہنچائیں گے۔کراچی سے تعلق رکھنے والے ارکان اسمبلی کی جانب سے وزیراعظم کے سامنے کراچی کے مسائل کا ذکر کیا گیا تو وزیراعظم نے کہا کہ کراچی کے حالات بدتر ہو چکے، سندھ حکومت مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے۔ اس موقع پرعمران خان نے بہت جلد کراچی کا دورہ کرنے کا بھی اعلان کیا۔