ملک چلانے والوںکو جیلوں میں ڈال دیاگیا‘ فضل الرحمن

339
گوجرانوالہ:امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق میڈیا سے گفتگو کررہے ہیں
گوجرانوالہ:امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق میڈیا سے گفتگو کررہے ہیں

اسلام آباد( نمائندہ جسارت / خبر ایجنسیاں) جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ ملک پر قابض افراد پتھر دل لوگ ہیں جو سیاسی قیادت پر جبر روا رکھے ہوئے ہیں،چودھری برادران کو نئے انتخابات کرانے کیلیے قائل کر رہے ہیں ،ڈی جی آئی ایس پی آر کے بیان کا خیرمقدم کرتا ہوں، قومی اداروں کو ہم سیاست میں نہیں گھسیٹنا چاہتے، حکومت اس اجتماع کو حقارت سے نہ دیکھے، سنجیدہ لے، استعفے سے کم پر بات نہیں بنے گی، اسلام آباد میں صحافیوں سے بات چیت اور دھرنے کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کا مزیدکہنا تھا کہ ملک پر پتھر دل لوگ قابض ہیں جو سیاسی قیادت پر جبر روا رکھے ہوئے ہیں، جو ملک چلانے کا سلیقے جانتے ہیں انہیں جیلوں میں ڈال دیا گیا اور جو نااہل ہیں انہیں مسلط کردیا گیا، نااہلوں کو حکومت عطا کردی گئی ہے تو ملک کیسے چلے گا؟مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ حکومت نے ملک کی ٹاپ لیڈر شپ کے ساتھ جو رویہ روا رکھا ہوا ہے وہ انتہائی گرا ہوا ہے جو اس وقت ایوانوں سے قوم کے سامنے آرہا ہے، لیکن 70 سال سے زائد عمر رکھنے والے سیاستدان استقامت کا مظاہرہ کررہے ہیں،سربراہ جے یو آئی نے کہا کہ حکمران خود اتنے بڑے چور اور کرپٹ ہیں کہ 60 درخواستیں مختلف عدالتوں میں دائر کر چکے ہیں لیکن ان کی 60 کی 60 درخواستیں مسترد ہوچکی ہیں اس کے باوجود الیکشن کمیشن ان کے خلاف فیصلہ نہیں کرپا رہا دوسری جانب سینئر سیاست دانوں کو گرفتار کیا جاتا ہے اور پیش کیا جاتا ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ چودھری برادران کی پاکستانی سیاست میں ایک حیثیت ہے، کوشش ہے کہ ہم انہیں اس بات پر قائل کر سکیں کہ وہ 3ماہ میں نئے انتخابات کرانے کے لیے حکومت کو آمادہ کریں۔انہوں نے کہا کہ حکومتی کمیٹی انتہائی کمزور ہے جو ہمارے مطالبات اپنی قیادت تک نہیں پہنچا سکتی۔ یہ دھاندلی زدہ حکومت ہے جسے مزید وقت نہیں دیا جاسکتا۔مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ حکومت اس اجتماع کو حقارت سے نہ دیکھے بلکہ سنجیدہ لے، استعفے سے کم پر بات نہیں بنے گی۔