(پارلیمانی روایت بلڈوز‘غیرمعمولی تاریخ رقم) 10آرڈیننس سمیت11قوانین منظور

218

اسلام آباد(صباح نیوز) تحریک انصاف کی حکومت نے قانون سازی کی حیران کن اورغیرمعمولی تاریخ رقم کرتے ہوئے 10آرڈیننس سمیت11 قوانین منظور کرالیے۔10آرڈیننس میں 6نئے آرڈیننس بھی شامل ہیں جو ایک ہی روز پیش کرکے منظور بھی کرائے گئے۔ ایوان میں نئے قوانین پر کوئی بحث نہیں ہوئی انتہائی عجلت میں وزیر پارلیمانی سینیٹر اعظم سواتی آرڈیننس اور منظوری کی تحاریک پیش کرتے رہے ۔ ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری جلدی جلدی منظور کرواتے رہے۔ پیپلزپارٹی کے رہنما سید نوید قمر نے پارلیمانی روایات بلڈوز ہونے پر تمام آرڈیننس کی کاپیاں انتہائی غصے میں زمین پر پٹخ دیں ۔ ڈپٹی اسپیکر کا گھیرائو کرلیا گیا۔ ایجنڈے کی کاپیاں اور آرڈیننس پھاڑ دئیے گئے ۔ گو نیازی گو ، روٹی چور نا منظور آٹا چور نامنظور ،بجلی چور نا منظور سارا ٹبر چور ہے کے نعرے لگائے گئے ۔ گزشتہ روز قومی اسمبلی میں قانون سازی کے معاملے پر غیر معمولی کارروائی ہوئی ہے ۔ وراثتی سرٹیفکیٹ، بے نامی کاروبار، عدالتی لباس ، تحفظ ممبر نگران کمیشن ، نیب ، خواتین کے جائداد میں حقوق اور قانونی امداد و انصاف اتھارٹی کے آرڈیننس اضافی ایجنڈے کے طورپر لائے گئے۔ اجلاس شروع ہوا تو پارلیمانی سیکرٹری صحت نوشین حامد نے پاکستان طبی کمیشن بل 2019 پیش کیا ۔ پی ایم ڈی سی کو تحلیل کرنے سے متعلق بل آنے پر اپوزیشن جماعت نے شدید ہنگامہ کیا ، ایجنڈے کی کاپیاں پھاڑ دیں ۔ ڈپٹی اسپیکر کا گھیراؤ کرلیا گیا ، گلی گلی میں شور ہے سارا ٹبر چور ہے ، ووٹ چور نا منظور ، آٹا چور نامنظور اور دیگر نعرے لگائے گئے ۔ آرڈیننس پیش کرنے اور بل کی منظوری کا سلسلہ جاری رہا اور اس دوران اپوزیشن جماعتیں احتجاجا شور کرتی رہیں ۔ طب سے متعلق حکومتی عدالتی ٹریبونل اور پاکستان میڈیکل کمیشن کے بلز کو اپوزیشن کی ہنگامہ آرائی کے دوران کثرت رائے کی بنیاد پر منظور کرلیا گیا ۔ وزیر مملکت پارلیمانی امور علی محمد خان نے فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز اتھارٹی ، انسداد دہشت گردی اتھارٹی،مجموعہ تعزیرات پاکستان میں ترامیم کے آرڈیننسز میں 120 دنوں کی توسیع کی قرارداد یں پیش کیں ۔ جنہیں اپوزیشن کے ہنگامے کے دوران منظور کرلیا گیا ۔ اسی طرح وزیر مواصلات مراد سعید نے تحفظ قومی شاہرات جبکہ وزیر مملکت پارلیمانی امور علی محمدخان نے انسداد دہشت گردی ایکٹ 1997ء میںترامیم کے بلز پیش کیے ۔ پبلک سروس کمیشن سے متعلق بل کے بارے میںقائمہ کمیٹی کو رپورٹ پیش کردی گئی ہیں اسی طرح مجموعہ ضابطہ دیوانی ترمیمی بل ۔ نیا پاکستان ہاؤسنگ اینڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے قیام کابل بھی منظور کرلیا گیا ۔ وفاقی وزیر پارلیمانی امور اعظم خان سواتی نے 6 نئے صدارتی آرڈیننس پیش کرنے کے لییاضافی ایجنڈا 25 اے سے ایوان کو آگاہ کیا اور پہلے مرحلے میں پروانہ وراثت ، حقوق خواتین ، قانونی امداد و انصاف اتھارٹی ، اعلیٰ عدلیہ میں عدالتی لباس و انداز مخاطب، بے نامی کاروباری معاملات ، قومی احتساب بیورو اورتحفظ مخبر نگران کمیشن کے صدارتی آرڈیننسز پیش کیے ۔ جلدی جلدی یہ آرڈیننس منظور کروانے کے لییتحاریکیں پیش کرنا شروع کردیں ۔ڈپٹی اسپیکر تمام شقوں کو یکجا کرتے ہوئے منظوری حاصل کرتے رہے۔ پیپلزپارٹی کے رہنماسید نوید قمر نے غصہ میں آکر تمام آرڈیننس کی کاپیاں زمین پر پٹخ دیں۔سابق وزیراعظم راجا پرویز اشرف کو بار بار کے احتجاج کے باوجودبولنے کا موقع نہیں ملا۔ ایجنڈا مکمل ہونے پر نماز مغرب کے لییوقفہ کیا گیا۔ نماز مغرب کے بعد ڈپٹی اسپیکرقاسم سوری ایوان میں آئے اور جلدی جلدی اجلاس کی کارروائی جمعہ تک ملتوی کرکے چلے گئے۔ اپوزیشن ارکان منہ تکتے رہ گئے۔