سیکورٹی فورسزکی گرانقدر قربانیوں کا کوئی بدل نہیں‘ ضیا اللہ لانگو

236

کوئٹہ (نمائندہ جسارت) وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیا اللہ لانگو نے (کائونٹر ٹرئرازم ڈپارٹمنٹ) سی ٹی ڈی کے کامیاب آپریشن پر اطمینان کا اظہارکرتے ہوئے سیکورٹی فورسز کو شاباشی دی ہے اورکہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف سیکورٹی فورسز کے حوصلے و عزائم قابل فخر ہیں‘ انہی کی بدولت صوبے میں امن قائم ہوا ہے‘ ملک دشمن عناصر اور دہشت گرد نہیں چاہتے کہ ملک اور صوبے میں امن قائم ہو اور عوام سکون کی زندگی بسر کریں‘ عوام اور سیکورٹی فورسز مل کر ان دہشت گردوں کو شکست دیں گے۔ بدھ کو ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں مختلف وفود سے ملاقات میںکیا۔ انہوں نے کہا کہ فورسز نے گرانقدر قربانیاں دی ہیں جن کا کوئی نعم البدل نہیں ہوسکتا‘ آج ہم جس امن و سکون کے ساتھ رہ رہے ہیں یہ انہی قربانیوں کی بدولت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب وہ وقت ہے جب ہم نے ہر شعبے کو بہتری کی طرف گامزن کرنا ہے‘ ہمارے سپاہیوں کے پاس تمام سہولتیں ہوں گی تو وہ بہتر انداز میں اپنے فرائض سرانجام دینے کے قابل ہوں گے۔