حکومت جلد سکوک بانڈ کا اجراء کررہی ہے،ڈاکٹر عشرت حسین

808
وزیراعظم کے مشیر اصلاحات عشرت حسین کو تیسری اسلامی بینکاری کانفرنس کے موقع پر شیلڈ پیش کی جارہی ہے
وزیراعظم کے مشیر اصلاحات عشرت حسین کو تیسری اسلامی بینکاری کانفرنس کے موقع پر شیلڈ پیش کی جارہی ہے

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیراعظم کے مشیر اصلاحات عشرت حسین نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت سکوک جاری کررہی ہے جس سے بینکوں کو فائدہ ہوگا، اسلامک بینکنگ کے کچھ مسائل حل کرنے کی ضرورت ہے۔عشرت حسین نے کہا کہ ہم 50 ہزار اسکالر شپ دے رہے ہیں، ہم کوشش کررہے ہیں کہ اب لوگ اپنا بزنس کریں، ہم لوگ نالج بیس اکانومی پر کام کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کا پروگرام غربت مٹانے کا ہے، ایک سال میں سب ٹھیک نہیں ہوتا ہے 70 سال کے مسائل ٹھیک کرنے ہیں۔ حکومت کو غیر ملکی سرمایہ کاری پالیسی پر نظر ثانی کرنی ہو گی ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی غیر ملکی سرمایہ کاری کے لیے بنائی گئی پالیسی بہت آزاد ہے، پاکستان میں جو بھی سرمایہ کاری آئی وہ مقامی کھپت کے لیے تھی۔ ڈاکٹر عشرت نے اس ضمن میں سی پیک کی مثال دی اور کہا کہ سی پیک میں بھی زیادہ تر توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری ہوئی۔ان کا کہنا تھا کہ ملکی سرمایہ کاری کو ایکسپورٹ سیکٹر کی جانب منتقل کرنا ہوگا، موجودہ حکومت نے اصلاحات شروع کی ہیں، ایس ای سی پی کے پالیسی بورڈ میں نجی شعبے کا فرد بھی لگایا گیا ہے، ملک میں صنعت کاری کے لیے کاوشیں کی جا رہی ہیں، کاروباری آسانی کے لیے بھی کام ہو رہا ہے۔انسٹی ٹیوٹ آف بزنس مینجمنٹ کے تحت تیسری اسلامی بینکاری اور فنانس پر تیسری عالمی کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس کا موضوع ’’اسلامک فنانس فار اسمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز‘‘( IFSME) تھا۔ اس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم کے معاون برائے ادارہ جاتی اصلاحات ، ڈاکٹر عشرت حسین نے کہا کہ پاکستان کو معاشی نمو، غربت، عدم مساوات، ناخواندگی اور علاقائی مسائل درپیش ہیں ان کو دور کرنے کے لیے کاروباریت اور تعلیم کو عام کرنا ہوگا اور خواتین کو تعلیم سے روشناس کراتے ہوئے ملک میں قرض کے ماڈل کو اپنانا ہوگا۔ انہوں نے زرعی مسائل کو دور کرنے کے لیے اجارہ فنانسنگ فراہم کرنے کے ساتھ پسماندہ علاقوں میں تعلیم کے فروغ پر بھی زور دیا۔اس موقع پر سید عامر علی، صدر اور سی ای او، بینک اسلامی، ڈاکٹر کبیر حسن، یونیورسٹی آف نیو اورلینس جبکہ آئی او بی ایم کے صدر طالب ایس کریم، بشیر جان محمد، چانسلر اور پروفیسر ڈاکٹر امانت علی جلبانی، ڈین سی بی ایم اور ڈائریکٹر او آر آئی سی؍او جی ایس بھی موجود تھے۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کی کم قیمت مکانات کی اسکیم سے معاشی بہتری رونما ہوگی جبکہ فن ٹیک اور آرٹی فیشل انٹیلی جنس کی ٹیکنالوجی سے کریڈٹ اسکورنگ ماڈل بنانے میں مدد ملے گی۔اس موقع پر طالب ایس کریم نے کہا کہ تیسری بار عالمی کانفرنس کا انعقاد قابل تحسین ہے۔