پی آئی اے نے فلائٹ بُکنگ ایپ متعارف کرادی

567

اسلام آباد: پی آئی اے نے صارفین کی سہولت کیلئےفلائٹ بُکنگ ایپلی کیشن متعارف کرادی۔

پی آئی اے نے موبائل ایپ ترکی کی آئی ٹی کمپنی ’ہٹ اٹ‘ کے تعاون سے بنائی ہے۔ ایپ صارفین کو فلائٹ بُکنک کے علاوہ فلائٹ کے اسٹیٹس، فلائٹ کے اوقات کار اور بُکنک کے حوالے سے دیگر معلومات بھی فراہم کرے گی۔اس اسمارٹ فون ایپ کا سائز 26 ایم بی ہے جسے اینڈرائڈ 4.1 اور اس سے زائد کے صارفین اپنے فون میں ڈاؤن لوڈ کر سکیں گے۔

موبائل ایپ ترکی کی آئی ٹی کمپنی کی پاکستان انٹرنیشل ائیرلائن کے ساتھ شراکت داری کو ایک سال مکمل ہونے کی تقریب کے موقع پر متعارف کرائی گئی۔

پی آئی اے کے چیف ایگزیکیوٹو آفیسر ارشد ملک کا کہنا ہے کہ ہٹ اٹ نے کمپنی کو آمدنی پیدا کرنے میں مدد کی ہے اور ہم ترکی کی آئی ٹی کمپنی کے ساتھ شراکت داری کو ایک سال مکمل ہونے پر مبارکباد پیش کرتے ہیں۔

ترکش کمپنی کے سی ای او نور گوکمین کا کہنا تھا کہ دونوں کمپنیوں کے مابین شراکت داری بہت آگے تک جائے گی اور یہ دونوں کمپنیوں میں خوشحالی لائے گی۔

پاکستان انٹرنیشنل ائیر لائن کی ایپ صارفین کیلئے گوگل پلے اسٹور پر میسر ہے۔ ایپ سے فی الحال اینڈرائڈ صارفین ہی استفادہ کر سکتے ہیں جبکہ ایپل موبائل کے صارفین کیلئے ابھی ایپ ایپل اسٹور پر دستیاب نہیں ۔