عدالتی انصاف پرمشتمل معاشرہ بہترین نظام کا عکاس ہے،شاہ فرمان

100

پشاور(این این آئی)گورنرخیبرپختونخواشاہ فرمان نے کہاہے کہ سماجی ، معاشرتی اور عدالتی انصاف پرمشتمل معاشرہ ایک بہترین نظام کا عکاس ہے، طبقاتی نظام اور میرٹ کی پامالیوں سے نوجوان طبقہ دلبرداشتہ ہوکربرائیوں کی طرف مائل ہو جاتاہے۔ ہم نے اپنے نوجوانوں کی بہترتربیت پرزوردیناہے کیونکہ ایک پرامن معاشرے کے قیام میں نوجوانوں کاسب سے بڑا کردارہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیرکے روز اپنے دورہ جمرود کے دوران فرنٹیئر کور(نارتھ) کے زیراہتمام تربیتی واصلاحی ادارہ ڈی آر سی صباؤن کی ایک پروقار تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں انسپکٹرجنرل فرنٹیئر کور(نارتھ) میجرجنرل راحت نسیم احمد، سیکٹرکمانڈر سینٹربریگیڈئرشہباز اکبرقاضی، ڈپٹی کمشنر ضلع خیبر محموداسلم اوردیگر عسکری عہدیداروں سمیت قبائلی مشران بھی موجود تھے۔ اس موقع پر گورنر خیبرپختونخوا نے ڈی آر سی سنٹر صباؤن کے فارغ التحصیل ہونیوالے طلباء میں مختلف شعبوں میں بہترین کارکردگی دکھانے پرانعامات بھی تقسیم کیے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر خیبرپختونخوا کا کہناتھاکہ صباؤن کی طرز پر اگر ملک میں نوجوانوں کی اصلاح وتربیت کا ایسے عمل شروع کیاجائے تو ملک میں دہشت گردی کا نام ونشان بھی نہیں رہیگا کیونکہ ہمارے نوجوان ہماری طاقت ہیں، ہمیں اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرتے ہوئے اپنے نوجوان مستقبل کو سنوارناہے۔ گورنر خیبرپختونخواشاہ فرمان نے اس موقع پر ڈی آر سی سنٹر صباؤن شاہ کس کے کردار کو سراہتے ہوئے کہاکہ مجھے یہ سن کر خوشی ہوئی ہے کہ اس ادارے میں 1160 افراد تربیت کیلیے شامل کیے گئے جن میں سے 860 افراد فارغ التحصیل ہوکر ملک کے پرامن شہری بن چکے ہیں۔ انہوں نے مذکورہ ادارے سے فارغ التحصیل ہونیوالے نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ یہ ملک دشمن طاقتوں سے برداشت نہیں ہورہاہے۔ آپ نوجوان اگرمنظم اورپرعزم ہوں گے تو دشمن ہمیں شکست نہیں دے سکتا۔ آخر میں گورنرخیبرپختونخوا نے مذکورہ ادارے کی کامیابی کیلیے قبائلی مشران اور عوام علاقہ کافرنٹیئر کور (نارتھ) کے ساتھ تعاون کوریڑھ کی ہڈی کا درجہ دیا۔