آزادی مارچ عوام کی ترجمانی، جعلی حکومت پر عدم اعتماد کا اظہار ہے، اچکزئی

115

کوئٹہ (نمائندہ جسارت) پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے چیئرمین محمود خان اچکزئی نے مولانا فضل الرحمان کی قیادت میں آزادی مارچ کو ملکی تاریخ کا سب سے فقیدالمثال اور عظیم الشان اور ملک کے عوام کا نمائندہ مارچ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس تاریخی آزادی مارچ نے اسلام آباد میں دھرنا دے کر ملک کے 22 کروڑ عوام کی ترجمانی کرتے ہوئے موجودہ مسلط کردہ سلیکٹڈ وزیراعظم اور اس کی جعلی حکومت پر عدم اعتماد کا برملا اظہار کرکے اس کو مسترد کردیا ہے، پشتونخوا میپ آزادی مارچ کے متعین کردہ مقاصد و اہداف کے حصول تک اس کا بھر پور ساتھ دے گی اور کسی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی اور ملک میں آئین و قانون کی حکمرانی، پارلیمنٹ کی بالادستی، قوموں کی برابری، ملکی افواج کے سیاسی رول کے خاتمے اور غیر جانبدار و صاف شفاف انتخابات کے ذریعے ملک کے عوام کی نمائندہ اور جمہوری حکومت کے قیام تک اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔ محمود خان اچکزئی کی زیر صدارت پارٹی کے مرکزی اور صوبائی ایگزیکٹیو کے اراکین کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا۔ اجلاس میں 25 جولائی 2018ء کے عام انتخابات میں اسٹیبلشمنٹ کی ایما پر بدترین دھاندلی کے نتیجے میں ملک پر سلیکٹڈ وزیراعظم اور غیر نمائندہ حکومت مسلط کرنے، آئین کو پامال کرنے، پارلیمان، عدلیہ، الیکشن کمیشن، میڈیا اور فوج و سول اداروں کو بے توقیر کرنے، ملک کے عوام پر کمر توڑ مہنگائی، سنگین بیروزگاری، معاشی و سماجی تباہ حالی کی بدترین صورتحال مسلط کرنے، ملک کو اقوام عالم میں تنہا کرنے اور ملک کے خوشحال ترقی یافتہ مستقبل کو تباہ کرنے کے خلاف جمعیت علما اسلام کے قائدمولانا فضل الرحمان کی قیادت میں آزادی مارچ کو ملکی تاریخ کا سب سے فقیدالمثال اور عظیم الشان اور ملک کے عوام کا نمائندہ مارچ قرار دیا گیا۔ اجلاس میں متحدہ اپوزیشن اور تمام جمہوری سیاسی جماعتوں سے پرزور اپیل کی گئی ہے کہ وہ ملکی تاریخ کے اس حساس اور فیصلہ کن مرحلے میں آزادی مارچ کے مقاصد کی کامیابی میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔ اجلاس میں پارٹی کے تمام اضلاع کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ آزادی مارچ میں تازہ دم پارٹی کارکنوں کی شرکت کو یقینی بنائیں۔
محمود خان اچکزئی