برلن میں پاکستانی طلبہ کے لیے استقبالیہ تقریب کا انعقاد

142

جرمنی میں پاکستان اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے زیر اہتمام نئے تعلیمی سال میں آنے والے طلبہ کے اعزاز میں استقبالیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر سفیر پاکستان جوہر سلیم اور پاکستانی سائنسدان نوریز خواجہ نے طلبہ کو خوش آمدید کہا۔ پروگرام کا آغاز تلاوت کلام پاک سے کیا گیا، جس کے بعد پاکستان و جرمنی کے قومی ترانے بجائے گئے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سفیر پاکستان جوہر سلیم نے کہا کہ پاکستانی طالب علم جرمنی میں پاکستان کا چہرہ ہیں اور یہاں کے شہری آپ کو پاکستان کے سفیر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ آپ کے کردار اور حسن سلوک کی بنیاد ہی پر وہ پاکستان کے لیے اپنی رائے قائم کریں گے۔۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان میں طلبہ کے لیے بڑی تعداد میں ملازمتوں کے موقع بن رہے ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ پاکستان کے باصلاحیت لوگ ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔ اگر یہاں کسی کو ملازمت کی پیش کش ہوتی ہے تو اپنا بہترین اور مثالی کردار ادا کریں، جس سے پاکستان کا نام روشن ہو۔
سفیر پاکستان کا کہنا تھا کہ جرمنی نے اپنی امیگریشن پالیسیوں میں بڑی حد تک نرمی کی ہے، جس کی بدولت پاکستانی طلبہ کے لیے مواقع پیدا ہو سکتے ہیں۔ جرمنی ایسی پالیسیاں بنا کر اپنی افرادی قوت کی کمی کو پورا کرنا چاہتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ طالبعلم اپنے ملک کا مستقبل ہوتے ہیں۔ طلبہ کو مخاطب کرتے ہوئے جوہر سلیم کا کہنا تھا کہ آپ کے مسائل حل کرنے کے لیے ہمارے دروازے ہمہ وقت کھلے ہیں۔ ہم ہر موقع پر آپ کا ساتھ دیں گے۔
تقریب کے مہمان خصوصی پاکستانی سائنسدان نوزیر خواجہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ طلبہ اپنے شعبے میں اپنا مستقبل تلاش کریں تاکہ تجربات کی بنیاد پر میدان عمل میں کامیابیاں سمیٹ سکیں۔ انہوں نے اپنی علمی زندگی سے لے کر جرمنی میں تعلیمی سلسلے تک اور دنیاکے نامور سائنسدانوں کے درمیان رہتے ہوئے خلا میں آپریشن کی نگرانی تک کے احوال سے طلبہ کو آگاہ کیا۔ واضح رہے کہ نوریز خواجہ جرمن سائنسدانوں کے ساتھ مل کر سیاروں اور خلا میں زندگی تلاش کرنے سے متعلق اہم منصوبوں پر کام کررہے ہیں۔
تقریب کے منتظم اور پاکستان اسٹوڈنٹس ایسوسی ایشن کے ایگزیکٹو ممبر نعمان توصیف نے تنظیم کے مقاصد بیان کرتے ہوئے کہا کہ پی ایس اے کے تحت ہر یونیورسٹی میں یونٹس بنائے گئے ہیں تاکہ پاکستانی طلبہ کی رہنمائی کی جا سکے۔ اس موقع پر پی ایس اے برلن کے صدر احمد وٹو نے طلبہ کی رہنمائی میں رہائشی مسائل، رجسٹریشن اوردیگر معاملات پر تفصیلی بریفنگ دی جبکہ جنرل سیکرٹری اسامہ وحید نے ملازمت کی تلاش اور اس کے لیے تیاری پر رہنمائی کی۔ بعد ازاں سوالات کا سلسلہ شروع ہوا، جس پر پی ایس اے کی موجودہ باڈی کے ارکان اور سینئر طلبہ رہنمائوں نے جوابات دیے۔ تقریب کے اختتام پر عشائیے کا اہتمام کیا گیا تھا۔