مقبوضہ کشمیر‘مظاہروں کی کوریج کرنے پرصحافیوں پرفورسز کاتشدد

92

سری نگر (اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں قابض سیکورٹی فورسز نیمظاہروں کی کوریج کرنے پر صحافیوں پر تشدد کیا اور مظاہروں کی تصاویر اور وڈیو بنانے سے روک دیا۔ سخت بھارتی فوجی محاصرے کے باعث وادی کشمیر اور جموں خطے کے مسلم اکثریتی علاقوں کے لاکھوں لوگ بدستور مشکلات کا شکار ہیں۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق دفعہ 144 کے تحت عاید شدید پابندیوں اور انٹرنیٹ اور پری پیڈموبائل فون سروسز کی معطلی کے باعث ہفتے کو 90 ویں روز بھی معمولات زندگی بری طرح متاثر رہے۔ حالات کو معمول پر لانے کی قابض انتظامیہ کی تمام کوششیں ناکام ہو چکی ہیں کیونکہ لوگ بھارت کے حالیہ اقدامات کے خلاف اپنی ناراضگی کے اظہار کے لیے ہڑتال مسلسل جاری رکھے ہوئے ہیں۔ دکانیں اور کاروباری مراکز صرف صبح اور شام کے وقت کچھ گھنٹوںکے لیے کھلتے ہیں ‘ سڑکوں پر پبلک ٹرانسپورٹ معطل ہے جبکہ دسویں اور بارہویں جماعت کے امتحانات دینے والوں کے سوا طلبہ اسکولوں اور کالجوں میں نہیں جا رہے۔ کم از کم3 فوٹوجرنلسٹوں نے کہا کہ بھارتی پولیس نے انہیں گزشتہ روز سری نگر کے ڈائون ٹائون علاقے میںبھارت مخالف مظاہروں کی کوریج کے دوران مارپیٹ کا نشانہ بنایا۔