حکومت سندھ’’ فرانزک سائنس لیبارٹری کراچی ‘‘ بنانے کے لیے متحرک

142

کراچی ( رپورٹ : محمد انور ) حکومت سندھ کراچی میں’’فرانزک سائنس لیبارٹری ‘‘قائم کرنے کے لیے متحرک ہوگئی۔ اس ضمن میں لیبارٹری کے قیام کے لیے پروجیکٹ ڈائریکٹر کی حیثیت سے میٹروپولیٹن کمشنر ڈاکٹر سیف الرحمن کو اضافی ذمے داری سونپ دی گئی ہے، جنہوں نے جمعہ کو اپنی نئی ذمے داریاںبھی سنبھال لی ہیں۔ خیال رہے کہ حکومت نے 2 سال پہلے فرانزک لیبارٹری قائم کرنے کا فیصلہ کیا  تھا جس کے بعد گزشتہ سال نومبر میں چیف سیکرٹری ممتاز علی شاہ کی صدارت میں فرانزک سائنس لیبارٹری کے لیے جلد سے جلد اقدامات کرنے کا حکم دیا گیاجس کے بعد جمعرات کو فرانزک سائنس لیبارٹری کراچی کے پہلے پروجیکٹ ڈائریکٹر کے لیے گریڈ 20 کے پاکستان ایڈمنسٹریٹیو گروپ کے افسر ڈاکٹر سید سیف الرحمن کے تقرر کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔ ڈاکٹر سیف الرحمن نے پروجیکٹ ڈائریکٹر کا چارج سنبھالنے کے بعد نمائندہ جسارت سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ سندھ میں فرانزک سائنس لیبارٹری جدید تقاضوں اور نئے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے ناگزیر ہے۔ حکومت نے اس لیبارٹری کو قائم کرنے اور اسے جدید خطوط کے مطابق استوار کرنے کے لیے مجھ پر اعتماد کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جمعہ کو انہوں نے جامعہ کراچی میں موجود انٹرنیشل کیمیکل اینڈ بائیو لوجیکل سینٹر کا دورہ کرکے ضروری معلومات حاصل کیں۔ انہوں نے بتایا ہے کہ فرانزک لیب کو جلد سے جلد قائم کرکے اس کے فوائد حاصل کرنے کی غرض سے ہمیں کثیر الجہتی کام کرنا ہوگا۔ ڈاکٹر سیف الرحمن نے بتایا ہے کہ میری کوشش ہوگی کہ فرانزک سائنس لیبارٹری کراچی کو ملک کی سب سے بہترین لیبارٹری بنادیا جائے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ فرانزک لیب کے ڈی این اے ٹیسٹ کی طرح دیگر 14 حصے ہیں جسے اس لیبارٹری میں کرایا جاسکے گا۔ انہوں نے بتایا ہے کہ میں نے میڈیکل اینڈ ایڈمنسٹریٹو مینجمنٹ میں پی ایچ ڈی کیا ہواہے۔
فرانزک سائنس لیبارٹری