ایک دوسرے کی مخالف جماعتیں مفادات کے ایجنڈے پر متفق ہیں، بزدار

337
اسلام آباد: وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اسلام آباد ہائیکورٹ میں پیشی کے بعد واپس جارہے ہیں
اسلام آباد: وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اسلام آباد ہائیکورٹ میں پیشی کے بعد واپس جارہے ہیں

لاہور (نمائندہ جسارت) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ ایک دوسرے کی نظریاتی مخالف اپوزیشن جماعتیں ذاتی مفادات کے ایجنڈے پر متفق ہیں انارکی پھیلانے کی کوشش قوم کو تقسیم کرنے کی سازش ہے، اپوزیشن کے پاس فلاح عامہ کا کوئی ایجنڈا نہیں، پاکستان کے باشعور عوام ترقی مخالف سیاست سے متنفر ہو چکے ہیں اور 22 کروڑ عوام جان چکے ہیں کہ انتشار کی سیاست کے پیچھے مخصوص ایجنڈا ہے، عام انتخابات میں مسترد شدہ عناصر کو عوام کے مسائل سے کوئی سروکار نہیں، یہ عناصر صرف ملک کو عدم استحکام سے دوچار کرنا چاہتے ہیں، ان عناصر نے ذاتی مفادات کی خاطر قومی مفادات کو بالائے طاق رکھا ہوا ہے، منفی سیاست کے علمبرداروں کو ملک و قوم کی خاطر ہوش کے ناخن لینے چاہییں۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان کو اندرونی و بیرونی چیلنجز کا بھی سامنا ہے۔ موجودہ حالات میں ذاتی مفادات کی خاطر قوم کو تقسیم کرنا غیر دانشمندانہ طرز عمل ہے۔ باشعور عوام نے مسترد شدہ عناصر کی منفی سیاست کو مسترد کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی دھرتی ہم سے اتحاد، اتفاق اور یکجہتی کا تقاضا کرتی ہے۔ قومیں اتحاد و اتفاق کی طاقت سے ہی آگے بڑھتی ہیں۔ عوامی حمایت سے محروم عناصر بوکھلاہٹ کا شکار ہیں۔انہوںنے کہا کہ انتشار کی سیاست سے ملک آگے نہیں بلکہ پیچھے چلا جاتا ہے۔ غیر جمہوری رویہ ترک کر کے مثبت سوچ اپنانے کی ضرورت ہے۔ پاکستان میں بگاڑ پیدا کرنے والوں کے عزائم کبھی کامیاب نہیں ہوں گے اور قلیل عرصے میں ہونے والی پائیدار ترقی کو منفی سیاست کی نذر نہیں ہونے دیں گے۔