الخدمت نے جرمانہ ادا کرکے سیکڑوں قیدی رہا کروائے،صدرالدین

100
الخدمت کراچی کے ڈائریکٹر سروسز قاضی سید صدرالدین ضیاالدین یونیورسٹی میں سیمینار سے خطاب کر رہے ہیں
الخدمت کراچی کے ڈائریکٹر سروسز قاضی سید صدرالدین ضیاالدین یونیورسٹی میں سیمینار سے خطاب کر رہے ہیں

کراچی (اسٹا ف رپورٹر)الخدمت کراچی کے ڈائریکٹر کمیونٹی سروسز قاضی سید صدرالدین نے کہا ہے کہ الخدمت جیلوں میں کئی دہائیوں سے قیدیوں کی فلاح وبہبودکیلیے کام کررہی ہے ۔واٹر فلٹریشن پلانٹس کی تنصیب،کمپیوٹر انسٹیٹیوٹ ،راشن اورونٹرپیکیج کی تقسیم، قیدکی سزا مکمل کرنے پرمعمولی جرمانہ ادا نہ کرنے کی وجہ سے مزید سزاکاٹنے والے قیدیوںکی رہائی الخدمت کے اہم منصوبے ہیں۔الخد مت اب تک سیکڑوں ایسے قیدیوں کی گردن چھڑائی کرا چکی ہے جو معمولی جرمانے ادا نہ کر نے کی وجہ سے جیلوں میں مزید قیدکاٹ رہے تھے ۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے ضیاء الدین یونیورسٹی کی فیکلٹی آف لا کے سینٹرآف ہیومن رائٹس کے تحت منعقدہ سیمینارسے خطاب کرتے ہوئے کیا۔سیمینار کا عنوان ’’جیل کی سلاخوں کے پیچھے مشکل زندگی کا جائزہ ‘‘تھا ۔اس موقع پر انچارج ہیومن رائٹس سیدمعاذ شاہ ، عامرعزیزایڈووکیٹ اورقیدسے رہائی پانے والے نوجوان نے بھی اظہار خیال کیا۔سیدمعاذشاہ نے انسانی حقوق اورقانون کے مختلف پہلوؤں کو اجاگرکیا۔عامر عزیز ایڈووکیٹ نے نئے اور پرانے قوانین کا تقابلی جائزہ پیش کیا ،جبکہ قیدسے رہائی پانے والے نوجوان نے قیدکی زندگی کے تلخ تجربات بیان کیے۔