حکومتی پالیسیوں کے خلاف ملک بھر میں مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال 

321

 کراچی سمیت ملک بھر میں انجمن تاجران کی کال پر ٹیکسوں کے خلاف مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال جاری ہے، لاہور، پشاور اور کوئٹہ میں بھی کاروباری مراکز، دکانیں اور چھوٹے بڑے بازار بند ہیں۔

کراچی میں انجمن تاجران نے حکومتی پالیسیو ں کو تبدیل کرنے کا مطالبہ کیا ہے، مطالبات کی عدم منظوری پر 31 اکتوبر کو اسلام آباد کی جانب مارچ کا الٹی میٹم بھی دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ کراچی کی طرح ملک بھر میں انکم ٹیکس، شناختی کارڈ کی شرط پر تاجروں نے ہڑتال کا اعلان کیا تھا جس پر آج صوبائی دارالحکومتوں سمیت چھوٹےبڑے شہروں میں ہڑتال ہے، انجمن تاجران پاکستان کے مطابق کراچی کی زیادہ تر مارکیٹیں بند رہیں گی، الیکٹرونکس ڈیلر ایسوسی ایشن اور آل صرافہ جیولرز ایسوسی نے بھی دکانیں بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔

دوسری جانب لاہور میں بھی تاجروں کی جانب سے دو روزہ ہڑتال کی جا رہی ہے، تاجروں نے شناختی کارڈ کی شرط اور ٹیکس نظام کے خلاف ہڑتال کی کال دے رکھی ہے۔ آل پاکستان انجمن تاجران اور پاکستان ٹریڈرز الائنس نے ہڑتال کا متفقہ فیصلہ کیا ہے۔

 سیکرٹری جنرل آل پاکستان انجمن تاجران کا کہنا ہے کہ ہڑتال کامیاب ہو گی۔ حکومت اور ایف بی آر مشاورت سے مسائل حل نہیں کرنا چاہتے۔

کراچی، پشاور، کوئٹہ کےعلاوہ جھنگ، میرپورخاص، پڈ عیدن، ٹانک، شجاع آباد، لیاقت پور اور صادق آباد سمیت دیگر شہروں میں بھی ہڑتال جاری ہے۔