مودی کے دورۂ سعودی عرب میں اہم معاہدے متوقع

234
ریاض: بھارتی وزیر اعظم سعودی دارالحکومت پہنچنے پر طیارے سے باہر آ رہے ہیں
ریاض: بھارتی وزیر اعظم سعودی دارالحکومت پہنچنے پر طیارے سے باہر آ رہے ہیں

ریاض (انٹرنیشنل ڈیسک) بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی دورئہ سعودی عرب کے موقع پر آج ریاض میں سعودی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔ خبررساں اداروں کے مطابق ریاض میں آج سے سالانہ مالیاتی کانفرنس کا آغاز ہورہا ہے۔ اپنے دورے کے دوران نریندر مودی سعودی فرماں روا شاہ سلمان اور ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات کریں گے،جس میں دونوں ممالک کے درمیان 12 معاہدے طے پانے کا امکان ہے۔ سعودی عرب میں بھارتی سفیر سید اوصاف سعید نے میڈیا کو بتایا کہ مذاکرات کے دوران دہشت گردی کے مسئلے پر بھی گفتگو کی جائے گی، جب کہ دونوں ممالک کے درمیان ہونے والے ممکنہ معاہدوں میں شہری ہوا بازی، سیکورٹی، دفاع، بنیادی ڈھانچے اور توانائی وغیرہ کے شعبوں سے متعلق منصوبے شامل ہیں۔ یہ توقع بھی ظاہر کی جا رہی ہے کہ ایک معاہدہ تزویراتی شراکت داری کونسل سے متعلق بھی ہوگا،جس کے سربراہ مشترکہ طور پر نریندر مودی اور محمد بن سلمان ہوں گے۔ دفاعی تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے لیے دونوں ممالک کی بحری افواج دسمبر 2019سے جنوری 2020تک مشترکہ مشقیں بھی کریں گی۔ دورۂ سعودی عرب کے دوران ’روپے کارڈ‘ جاری کرنے سے متعلق ایک مفاہمت پر بھی دستخط کا امکان ہے، جس سے سعودی عرب میں مقیم بھارتی شہریوں کے ساتھ حجاج کو بھی فائدہ ہوگا۔ بھارت اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے۔ سعودی عرب نے اپنے وژن 2030ء کے تحت جن 8ملکوں کے ساتھ شراکت قائم کرنے کا فیصلہ کیا تھا ان میں بھارت بھی شامل ہے۔ دونوں ملکوں کی تجارت سالانہ 28 ارب ڈالر ہوگئی ہے۔