پی ٹی سی ایل کی طرف سے اسٹارٹ اپ گروپس کی گریجویشن

339
وفاقی وزیر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کو پی ٹی سی ایل کے نائب صدر شہزاد شاہ شیلڈ پیش کررہے ہیں
وفاقی وزیر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کو پی ٹی سی ایل کے نائب صدر شہزاد شاہ شیلڈ پیش کررہے ہیں

اسلام آباد (کامرس ڈیسک) پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی لمیٹڈ (پی ٹی سی ایل) نے اسٹار اپس کو ٹیکنالوجی کے استعمال سے روزگار اور کاروبار کے مواقع فراہم کرنے کی اپنی کوششوں کے تناظر میں نیشنل انکوبیشن سینٹر (این آئی سی) پشاور میں پہلے اور دوسرے ا سٹارٹ اپ گروپس کی گریجویشن تقریب میںشرکت کی۔ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ ٹیلی کام گریجویشن تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ شعیب احمد صدیقی، وفاقی سیکرٹری، انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ ٹیلی کام،سید شہزاد شاہ،ایگزیکٹو وائس پریزیڈنٹ، مارکیٹنگ اینڈ کارپوریٹ کمیونیکشن، پی ٹی سی ایل، یوسف حسین، سی ای او اگنائٹ (Ignite) ، عاطف رئیس خان، سی ای او ایل ایم کے ٹی (LMKT) ، خیبرپختونخواہ حکومت کے اعلی عہدیداران کے علاوہ پاکستان ا سٹارٹ اپس ایکو سسٹم کی اہم شخصیا ت نے تقریب میں شرکت کی۔این آئی سی پشاور کو فنڈز کی فراہمی اگنائٹ اور وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ ٹیلی کام کی طرف سے کی جاتی ہے جبکہ ایل ایم کے ٹی، پی ٹی سی ایل کے اشتراک سے یہ سینٹر چلا رہا ہے۔ این آئی سی پشاور کے پلیٹ فارم سے خیبرپختونخواہ میں AR/VR، گیمنگ، تعلیم، ٹرانسپورٹیشن اوردیگر شعبوں میں ٹیکنالوجی کے استعمال سے روزگار اور کاروبار کی فراہمی کے لیے لوگوںکو مدد فراہم کی جاتی ہے۔گریجویشن کرنے والے 14ا سٹارٹ اپس نے 470 براہ راست اور 1900 بالواسطہ ملازمتیں پیدا کیں جس سے سرمایہ کاری میں 192 ملین روپے جبکہ ان کی آمدنی میں 120 ملین روپے کا اضافہ ہوا۔اس موقع پر مرتضیٰ زیدی، ڈائریکٹر این آئی سی پشاور،نے کہا کہ ’’ میں گریجویٹ کرنے والے ا سٹارٹ اپس کو مبارکباد پیش کرنا چاہوں گا جنہوں نے خیبرپختونخوا کے انٹرپرینیوریل ایکو سسٹم کی ترقی میں اپنا بہت اہم کردار ادا کیا۔ ہمیں پی ٹی سی ایل جیسے ادارے کے ساتھ شراکت داری کر کے خوشی محسوس ہوتی ہے جنہوں نے اس سفر میں ہمارے ساتھ تعاون کیا۔ مزید برآں مجھے این آئی سی پشاور کا حصہ بننے پر فخر ہے جس نے مقامی کاروبار اور انٹرپرینیورز کی صلاحیتوں کو بڑھا کر صوبے کی معیشت میں گرانقدر اضافہ کیا۔‘‘اس موقع پرسید شہزاد شاہ،ایگزیکٹو وائس پریزیڈنٹ، مارکیٹنگ اینڈ کارپوریٹ کمیونیکشن، پی ٹی سی ایل، نے کہا کہ ’’اس تقریب کا حصہ بننا میرے لیے اعزاز کی بات ہے، ہم نے اس پلیٹ فارم سے پاکستان کے مسقتبل کے لیڈرز کو ابھرتے ہوئے دیکھا۔ پی ٹی سی ایل کی طرف سے گریجویٹ ہونے والے سٹارٹ اپس ،این آئی سی پشاور، ایل ایم کے ٹی اور اگنائٹ کی قیادت کو مبارکباد پیش کرنا چاہوں گا۔این آئی سی پشاور میں نوجوان انٹرپرینورز نے جن صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا وہ صحیح معنوں میں شاندار ہیں۔مجھے یقین ہے کہ یہ نوجوان ملک کو معاشی ترقی اور خوشحالی کے نئے افق پر لے جائیں گے۔‘پی ٹی سی ایل نوجوانوں کو سازگار ماحول کی فراہمی پر یقین رکھتا ہے تاکہ وہ پاکستان کے مستقبل کے لئے اپنے ٹیلنٹ کو بروئے کار لا سکیں۔