عوامی احتجاج پرلبنانی وزیراعظم سعد الحریری مستعفی

534

بیروت:لبنانی وزیراعظم سعد الحریری نے ملک بھر میں جاری حکومت مخالف احتجاج کے بعد مستعفی ہونے کا اعلان کردیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق لبنانی وزیراعظم نے حکومتی معاشی پالیسیوں کے خلاف دو ہفتوں سے جاری  احتجاج کے سامنے گھٹنے ٹیک دیے، سعد الحریری نے اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان کردیا۔

ٹیلی وژن پر قوم سے مختصر خطاب میں لبنانی وزیراعظم نےاپنے استعفیٰ دینے کا اعلان کیا، ان کا کہنا تھا کہ وہ صدارتی محل جاکر استعفیٰ صدر میشیل عون کے حوالے کردیں۔سعدالحریری نے کہا کہ گزشتہ  13 دنوں کے دوران مسائل کو حل کرنے کی ہر ممکن کوشش کی،لیکن معاملات ڈیڈ کا شکار تھے جس کو سلجھانے کے لیےمجھے یہ قدم اٹھانا پڑا،عہدے آنے جانے والی چیز ہے لوگوں کی جان ومال کا تحفظ زیادہ ضروری ہے۔

سعد الحریری کے مستعفی ہونے کےاعلان کے بعد حکومت مخالف مظاہرین کی جانب سے جشن منایا جارہا ہے جب کہ بعض مظاہرین کا اب بھی مطالبہ ہے کہ وزیراعظم کے ساتھ دیگر اعلیٰ حکام بھی استعفیٰ دیں۔

واضح رہے کہ رواں ماہ کے اوائل سےمہنگائی، کرپشن اور عوام مخالف حکومتی پالیسیوں پر شروع ہونے والا احتجاج پُرتشدد ہوگیا تھا، ہزاروں شہریوں نے بیروت سمیت لبنان کے تمام ہی بڑے شہروں کی مرکزی شاہراہوں پر ڈیرے ڈال دیئے تھے،دس روزسےملک کے تمام بینک ،اسکولزاور کاروبارہ مراکز بند پڑے تھے۔مظاہرین نے حکومت سمیت تمام عہدیداران سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا جارہا تھا۔