مقبوضہ کشمیر جلد پاکستان کا حصہ بنے گا، وزیراعلیٰ بلوچستان

263

کوئٹہ(اے پی پی)وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کشمیرپر بھارت کے 72 سالہ قبضے کے خلاف یوم سیاہ پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ کشمیر پر بھارت کا غاصبانہ قبضہ مزید قائم نہیں رہ سکتا اورکشمیریوں کے حق خود ارادیت کو مظالم کے ذریعے دبایا نہیں جاسکتا۔جام کمال خان نے کہا کہ بھارتی حکومت بھی جانتی ہے کہ اب کشمیر ان کے ہا تھ سے نکل چکا ہے،کشمیریوں کی تحریک آزادی جلد کامیابی کی منزل پر پہنچے گی۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں باعث تشویش ہیں، عالمی برادری کو معاشی و تجارتی مفادات سے بالاتر ہو کر انسانی اقدار کو ترجیح دینا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم کل بھی  کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑی تھی آج بھی کھڑی ہے اور آئندہ بھی اپنی اخلاقی سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گی اور وہ وقت دور نہیں جب کشمیر پاکستان کا حصہ بن جائے گا۔علاوہ ازیںوزیر داخلہ بلوچستان میر ضیاء اللہ لانگو نے اپنے ایک پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں 27 اکتوبر کو یوم سیاہ کے طور پر منایاگیا،بھارت نے 27 اکتوبر 1947ء کو سری نگر میں فوجیں اتار کر ناجائز قبضہ کرلیا تھا،مودی سرکار کے غیر قانونی اقدام کی مذمت کرتا ہوں،لاکھوں کشمیریوں کے انسانی حقوق غصب کرکے انہیں محصور کردیا گیا ہے،لوگوں کو خوراک، ادویات، بنیادی ضروریات اور سہولیات میسر نہیں،کشمیریوں پر جاری ظلم سے بڑا انسانی المیہ جنم لے رہا ہے ،دنیا کے ہر فورم پر پاکستان نے اس غاصبانہ اقدام کے خلاف آواز اٹھائی ہے ،اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرادادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کا حل نکالا جائے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں 1989ء کے بعد سے اب تک ایک لاکھ شہادتیں ہوئیں اور بھارتی ریاستی دہشت گردی سے لاکھوں بچے یتیم ہوچکے ہیں ۔ صوبائی وزیر داخلہ نے کہا کہ کشمیر یوں پر ہونے والے مظالم کا دکھ ہر پاکستانی اپنا دکھ سمجھتا ہے،کشمیریوں کے حق خودارادیت کو بزور بازو دبانے کی ہر کوشش کو ناکام بنایا جائے گا۔