آسٹریلیا نے پہلے ٹی ٹوئنٹی میں سری لنکا کو شکست دے دی،وارنر کی سنچری

234

ایڈیلیڈ (جسارت نیوز) آسٹریلیا نے پہلے ٹی 20 انٹرنیشنل میں سری لنکا کو 134 رنز سے شکست دے کر 3 میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی، کینگروز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 233 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا، ڈیوڈ وارنر نے ناقابل شکست 100 رنز بنائے، ایرن فنچ اور گلین میکسویل نے نصف سنچریاں اسکور کیں۔ سری لنکن ٹیم بڑے ہدف کے تعاقب میں 9 وکٹوں کے نقصان پر صرف 99 رنز بنا سکی، ایڈم زمپا نے3 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ اتوار کو ایڈیلیڈ اوول میں کھیلے گئے سیریز کے پہلے میچ میں سری لنکا کے کپتان لاستھ ملنگا نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو غلط ثابت ہوا، ڈیوڈ وارنر، ایرن فنچ اور گلین میکسویل کی طوفانی بیٹنگ کی بدولت آسٹریلیا نے مقررہ 20 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 233 رنز بنائے، ڈیوڈ وارنر اور کپتان ایرن فنچ نے 122 رنز کا آغاز فراہم کیا، فنچ 36 گیندوں پر 64 رنز بنا کر لکشن سینڈکان کی گیند پر کیچ آئوٹ ہوئے، فنچ کے آئوٹ ہونے کے بعد بھی سری لنکن بولرز کی پٹائی کا سلسلہ نہ تھم سکا، ڈیوڈ وارنر اور گلین میکسویل نے دوسری وکٹ میں 107 رنز کی شراکت قائم کرکے ٹیم کی پوزیشن کو مستحکم کر دیا، میکسویل نے 28 گیندوں پر 62 رنز بنائے، انہیں ڈاسن شنکا نے آئوٹ کیا، ڈیوڈ وارنر نے کیریئر کی پہلی سنچری اسکور کی، انہوں نے 56 گیندوں پر 4 چھکوں اور10 چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 100 رنز بنائے۔ سری لنکا کی ٹیم 234 رنز کے تعاقب میں مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر صرف 99 رنز بنا سکی، مہمان ٹیم کا کوئی بھی بلے باز آسٹریلوی بولرز کو اعتماد کے ساتھ نہ کھیل سکا، ڈاسن شنکا 17 اور کوسال پریرا 16 رنز کے ساتھ ٹاپ ا سکوررر ہے۔ آسٹریلیا کی جانب سے ایڈم زمپا نے 3 جبکہ مچل اسٹارک اور پیٹ کمنز نے 2,2 وکٹیں حاصل کیں، ڈیوڈ وارنر کو مرد میدان قرار دیا گیا۔