حیدرآباد ، بین الصوبائی گروہ کے 2 کارندے گرفتار،3 موٹر سائیکلیں برآمد

154
حیدر آباد : لطیف آباد کے تھانے میں پکڑے گئے ملزمان اور برآمد کی گئی موٹر سائیکلیں پولیس کی تحویل میں
حیدر آباد : لطیف آباد کے تھانے میں پکڑے گئے ملزمان اور برآمد کی گئی موٹر سائیکلیں پولیس کی تحویل میں

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) لطیف آباد میں پولیس کی کارروائی، کراچی سمیت حیدر آباد کے مختلف علاقوں میں وارداتیں کرنے والے بین الصوبائی گروہ کے دو کارندے گرفتار، ایک فرار، تین مسروقہ موٹر سائیکلیں، نقدی، موبائل فون برآمد۔ ڈی ایس پی لطیف آباد مسعود اقبال اور ایس ایچ او اے سیکشن مجتبیٰ شیخ نے تھانہ اے سیکشن میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ پولیس نے دوران چیکنگ دو خطرناک ملزمان کو گرفتار کیا ہے جبکہ تیسرا فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا، تینوں مسلح ملزمان 125 موٹر سائیکل پر سوار تھے، پولیس کو دیکھ کر فرار ہونے لگے، پولیس نے پیچھا کیا تو ایک ملزم فرار ہوگیا تاہم دو کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا گیا۔ گرفتار دونوں ملزمان نور حسن پنہور اور حسن ایان آرائیں میرپور خاص کے رہائشی ہیں، ان کا تعلق بین الصوبائی گروہ سے ہے۔ ملزمان نے کراچی کے مختلف علاقوں حیدر آباد سمیت سندھ کے مختلف اضلاع میں کی گئی وارداتوں کا اعتراف کیا ہے۔ ملزمان کی نشاندہی پر 3 موٹر سائیکلیں اور تھانہ جی او آر کی حد سے دکان پر واردات کے دوران چھینی گئی 51000 ہزار کی رقم اور چار موبائل فون برآمد کیے جبکہ ملزمان سے دو ٹی ٹی پستول بھی برآمد کیں۔ ملزمان پر ڈکیتی، لوٹ مار کے کئی مقدمات ہیں، تیسرے ملزم کی گرفتاری کے لیے کوشش کی جارہی ہے۔